Apple TV+
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’نپولین‘ فرانسیسی شہنشاہ نپولین بوناپارٹ اور اس خاتون پر مرکوز ہے جسے نپولین نے جوزفین کہا تھا۔
سکاٹ کا کہنا ہے کہ اس فلم میں نپولین کو ایک ایسے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جس نے جوزفین کی محبت جیتنے کی کوشش میں دنیا کو فتح کرنے کی کوشش کی اور جب وہ جوزفین کی محبت جیت نہ سکا تو اس نے اسے تباہ کرنے کے لیے دنیا کو فتح کر لیا، اور اس عمل میں خود کو تباہ کر لیا۔
جب یہ خبر آئی کہ وینیسا کربی جوزفین کا کردار ادا کریں گی تو تاریخ دان دنگ رہ گئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نپولین کا کردار ادا کرنے والے ہواکین فینکس کی عمر کربی سے 14 سال زیادہ ہے مگر درحقیقت جوزفین نپولین سے چھ سال بڑی تھی لیکن جوزفین اور نپولین کے درمیان عمر کے فرق نے ان کی زندگی اور محبت پر گہرا اثر ڈالا۔
فرانس کے انقلاب کے دوران بیوہ ہونے والی جوزفین کے دو بچے تھے اور ان کا مستقبل غیر یقینی کی کیفیت میں گھرا ہوا تھا۔
ہو سکتا ہے انھیں نوجوان نہ سمجھا جائے لیکن انھوں نے پیرس کے محبِ فیشن معاشرے کا حصہ بننے کی ہر ممکن کوشش کی اور پال بیراس نامی سیاست دان سے دوستی کے لیے تگ و دو کی۔
نپولین سے شادی
انھیں کورسیکا کے ایک نوجوان جنرل نپولین بوناپارٹ سے شادی کرنے پر آمادہ کیا گیا تھا جنھوں نے انھیں پسند کیا تھا۔
جوزفین سے ملاقات اور پھر مارچ 1796 میں ان کی شادی کے فوراً بعد نپولین کو اٹلی میں انقلابی فوج کی قیادت کے لیے بھیجا گیا۔
اٹلی سے انھوں نے جوزفین کو بہت سے محبت بھرے خطوط لکھے۔ ان خطوط میں ’جذباتی بلیک میلنگ‘ شامل تھی اور محبت کا اظہار اتنی بار ہوا کہ یہ جذبات کم اور دھمکیاں زیادہ محسوس ہوتے۔
ایک خط میں لکھا تھا کہ ’آپ مجھے کبھی خط نہیں لکھتی۔ آپ اپنے شوہر کا خیال نہیں رکھتیں۔‘
ایک دوسرے میں لکھا گیا ’میں نے آپ کی طرف سے کچھ نہیں سنا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اب مجھ سے محبت نہیں کرتیں۔‘
ایک اور خط میں لکھا گیا کہ ’میں اب آپ سے محبت نہ کرنے پر اپنے آپ پر بہت ناراض ہوں لیکن کیا میں اب آپ سے پہلے سے زیادہ پیار نہیں کرتا؟‘
یہاں تک کہ جب جوزفین اٹلی میں رہنے آئیں تو نپولین ان کے ہر قدم سے باخبر رہتے۔ اس وقت تک نپولین کا جذبہ کچھ کم ہو چکا تھا لیکن وہ جوزفین کو اپنے قابو میں رکھنا چاہتے تھے۔
نپولین کو اپنی بیوی کو جاننے کے فوائد کا اندازہ ہو گیا تھا اور انھوں نے یہ بھی قبول کر لیا تھا کہ ایک دوسرے کے لیے ان کے جذبات کی سطح مختلف ہے۔
1797 تک کسی ناول جیسا انداز بدل گیا اور پھر 1800 میں یہ سرد ہوگیا۔ اس کے بعد خطوط دفتری زبان میں بدل گئے۔ یہ خطوط ان کے تعلقات کو سمجھنے کے لیے بہت اہم ہیں۔
Apple TV+طاقتور جوڑا
ایک اعزازات سے لیس جنگی ہیرو کی بیوی جوزفین نے شاید نپولین کے کنٹرول کرنے والے رویے سے بچنے کے لیے اپنی سیاسی واقفیت کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا۔
لوگ جانتے تھے کہ نپولین اور جوزفین ایک ٹیم کے طور پر کتنے موثر ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ناقدین بشمول نپولین کے رشتہ دار، جوزفین کی شبیہ کو داغدار کرنے کے لیے افواہیں پھیلاتے ہیں۔
جوزفین نے اپنے پریمی ہپولائٹ چارلس کو جو خط لکھے تھے ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال اس کے لیے کتنی پریشان کن ہو گئی تھی۔
نپولین مصر میں ایک مہم پر تھے جب انھیں ثبوت پیش کیا گیا کہ جوزفین کا کسی اور کے ساتھ افیئر ہے۔ اس حوالے سے نپولین نے اپنے بھائی کو خط بھیجا لیکن وہ درمیان میں لیک ہو گیا اور برطانیہ میں شائع ہو گیا۔
جلد ہی فرانس میں بھی سب کو اس کا علم ہو گیا۔ شروع میں نپولین ناخوش تھے لیکن بعد میں جب وہ پیرس گئے تو انھوں نے جوزفین کو معاف کر دیا۔
جوزفین نے اپنے شوہر کی سیاسی چالوں میں بھی مدد کی اور 1800 میں بغاوت کے بعد اقتدار میں آئیں۔
انقلابات سے بھری دہائی کی وجہ سے پیدا ہونے والی دھڑے بندی پر قابو پانے کے لیے نپولین کو جوزفین کی نرم سفارت کاری اور اشرافیہ کے طبقے سے آنے کا فائدہ ملا۔
جوزفین نیا فرانس بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش تھیں۔ 1796 میں وہ اٹلی جانے اور اپنے شوہر کے ساتھ رہنے سے ہچکچا رہی تھیں لیکن بعد میں انھوں نے ہر جگہ ان کا ساتھ دیا۔
جوزفین کے لیے یہ بہت اہم تھا کہ نپولین کسی دوسری نوجوان عورت کی طرف متوجہ نہ ہوں۔
نپولین 1807 میں پولینڈ کے سفر پر جوزفین کو اپنے ساتھ نہیں لے کر گئے اور وہاں ان کا ایک بڑے گھرانے کی خاتون ماریا والیوسکا کے ساتھ طویل تعلق رہا لیکن اس عرصے کے دوران ان کے خطوط سے پتا چلتا ہے کہ وہ اب بھی جوزفین سے محبت کرتے تھے۔ پھر بھی ان کی طلاق کا خطرہ منڈلا رہا تھا۔
نپولین نے 1804 میں خاندانی بنیادوں پر بادشاہت چلانے کی کوشش کی۔ ان کے گھر والے وارث کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے تھے۔ جوزفین انھیں کوئی وارث نہ دے سکی تھیں۔
جوزفین کی ایک ملازمہ ایوریلین نے اس دور کے بارے میں لکھا ہے دونوں طلاق کے بہت قریب تھے اور ایک دوسرے سے بہت دور تھے۔ 1809 میں جب ان کی طلاق ہوئی تو جوزفین بہت صدمے میں تھیں۔
BBC’اٹوٹ رشتہ‘
اس طلاق کو ملکی ضروریات کے لیے قربانی کے طور پر دکھایا گیا۔ نپولین آسٹریا کے شاہی خاندان ہیپسبرگ کی آرچ ڈچیس میری لوئیس سے شادی تک جوزفین سے ملاقات اور خطوط لکھتے رہے۔
جوزفین نے 1811 اپنے بیٹے کی پیدائش پر نپولین کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہماری تقدیر کبھی مختلف نہیں ہو سکتی اور وہ ان کے لیے ہمیشہ خوش رہیں گی۔
سنہ 1812 میں روس کے لیے مہم پر نکلنے سے پہلے نپولین نے پیرس سے باہر اپنی پسندیدہ جگہ مالمیسو میں جوزفین کے ساتھ دورہ کیا۔ یہ ان کی آخری ملاقات تھی، اس کے بعد نپولین نے جوزفین کو دوبارہ کبھی نہیں دیکھا کیونکہ جوزفین کی 1814 میں وفات ہوئی۔
واٹر لو میں شکست کے بعد نپولین نے سینٹ ہیلینا میں جلاوطنی سے قبل مالمیسو میں وقت گزارا۔
ان دونوں کے درمیان تعلق کیسا تھا، اس بارے میں کسی نتیجے پر پہنچنا آسان نہیں کیونکہ جوزفین کے بہت کم خطوط ایسے بچ گئے ہیں جن سے ان کے تعلق کا علم ہو سکے۔
کیا وہ شروع میں نپولین سے محبت کرتی تھی؟ شاید نہیں۔ کیا انھیں بعد ازاں نپولین سے محبت ہو گئی تھی؟ شاید ہاں۔ نپولین نے جوزفین کی عمر اور اس بارے میں تنقید کی پرواہ نہیں کی اور ان کے بچوں کا بھی خوب خیال رکھا۔
جوزفین اور نپولین دونوں ایک دوسرے سے زیادہ طاقت کو پسند کرتے تھے۔ انھوں نے مل کر کام کرنے کے فوائد کو محسوس کیا اور تیزی سے اوپر پہنچ گئے۔
بالآخر نپولین کو بیٹے کی ضرورت نے ان کی طاقت اور اس کی شادی دونوں میں خلل ڈالا لیکن ملک چھوڑنے سے پہلے ان کا مالمیسو کا دورہ ظاہر کرتا ہے کہ جوزفین اس کے لیے کتنی اہم تھیں۔
ہوسکتا ہے کہ وہ قابل اعتماد نہ ہوں لیکن وہ وفادار تھیں اور نپولین کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئی۔
نپولین نے 1821 میں اپنی موت سے کچھ دیر پہلے ایک خواب دیکھا تھا۔ نپولین کے وفادار مارشل نے لکھا کہ ’نپولین نے بتایا کہ انھوں نے جوزفین کو دیکھا اور ان سے بات کی۔‘
نپولین کو امید تھی کہ وہ جلد ہی جوزفین کے ساتھ ہوں گے۔