وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں بیٹے کی پیدائش: تندولکر نے کیا کہا اور ’اکائے‘ نام کا مطلب کیا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Feb 21, 2024

انڈیا کے مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی اور بالی وڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔

وراٹ کوہلی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خبر دی ہے اور اس کے ساتھ انھوں نے لکھا: ’بہت خوشی کے ساتھ ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ 15 فروری کو ہم نے اپنے بیٹے اور وامیکا کے چھوٹے بھائی اکائے کو اپنے گھر میں خوش آمدید کہا۔‘

وراٹ اور انوشکا نے اپنے مشترکہ پیغام میں لکھا: ’ہمیں اپنی زندگی کے اس خوبصورت لمحے میں آپ کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کی ضرورت ہے۔ براہ کرم اس وقت ہماری پرائیویسی کا خیال رکھیں۔‘

کوہلی اور انوشکا شرما کی جانب سے اس خبر کے دیے جانے کے بعد سے سوشل میڈیا پر کوہلی، انوشکا شرما اور اکائے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اور کرکٹ کی دنیا سے لے کر بالی وڈ کی دنیا تک سب انھیں مبارکباد دیتے نظر آ رہے ہیں۔

اگرچہ کوہلی نے اس بارے میں کوئی عندیہ نہیں دیا کہ ان کا بیٹا کہاں پیدا ہوا لیکن انڈین میڈیا کے مطابق اکائے کی پیدائش لندن میں ہوئی ہے اور انھیں گذشتہ دنوں لندن میں دیکھا گيا ہے۔

انڈین کرکٹ ٹیم ان دنوں مہمان ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے لیکن وراٹ کوہلی انڈین ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ پہلے یہ اعلان کیا گيا تھا کہ وہ پہلے دو ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں لیکن پھر یہ اعلان کیا گیا ہے کہ وہ مزید دو ٹیسٹ میچوں کے لیے بھی دستیاب نہیں ہیں۔

انڈین میڈیا میں یہ بات پہلے سے گشت کر رہی تھی کہ ان کے ہاں دوسرا ننھا مہمان آنے والا ہے۔

معروف کرکٹر سچن تنڈولکر نے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’اکائے کی آمد آپ کے خوبصورت خاندان میں ایک قیمتی اضافہ ہے! جس طرح اس کا نام کمرے کو روشن کرتا ہے وہ آپ کی دنیا کو بے شمار خوشیوں اور ہنسی سے بھر دے۔ یہاں سے وہ مہم اور یادیں شروع ہوتی ہیں جنھیں آپ ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان سے لطف اندوز ہوں گے۔ دنیا میں خوش آمدید، چھوٹے چیمپئن!‘

https://twitter.com/sachin_rt/status/1759991353105318361

تنڈولکر کی ہی طرح وراٹ کوہلی کے مداحوں نے نوزائیدہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور نوزائيدہ کو ننھا شیر اور چھوٹا چیمپیئن کہا ہے۔

بہت سے صارفین نے اس حوالے سے مبارکباد دیتے ہوئے جنگل بک اور سمبا جیسے کردار کے تعلق سے شیر اور اس کے بچے کی تصویر بھی پیش کی ہے جس میں شیر نئے بچے کو دنیا سے متعارف کراتا ہے۔

بہت سے لوگوں نے ایسے لوگوں کو نشانہ بنایا ہے جو انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کو گاہے بگاہے ٹرول کرتے ہیں اور لکھا ہے کہ وہ اب پانچ دن کے بچے کو ٹرول کرنے لگیں گے۔

یاد رہے کہ وراٹ کوہلی کی بچی وامیکا کوہلی کو دھمکی دی گئی تھی۔

اکائے نام کا مطلب

بہت سے صارفین وراٹ کوہلی کے بچے اکائے کے نام کے مطلب سمجھانے میں لگے ہیں۔

رادھیکا چودھری نامی ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’اکائے بنیادی طور پر سنسکرت کا لفظ ہے جس کا مطلب بغیر شکل کا ہوتا ہے۔ ہندو مذہب میں ’بھگوان شوا‘ کو بے پیکر بے ہیئت کہتے ہیں۔

انڈیا ٹوڈے نے لکھا ہے کہ اس کا مطلب ’لافانی‘ یا ’لازوال‘ ہوتا ہے جبکہ ہندوستان ٹائمز نے لکھا ہے کہ یہ ہندی لفظ ہے اور ترکی زبان اس کا ماخذ ہے۔ جبکہ سنسکرت میں اس کا مطلب بے جسم اور بے شکل ہوتا ہے۔

https://twitter.com/Radhika8057/status/1760008109739913356

وراٹ گینگ نامی ایک صارف نے ایک ویڈیو پیش ہے جس میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں وراٹ کوہلی کے مداح ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک شخص کہتا ہے کہ انھیں اپنے والد کی طرح ہی بڑا کرکٹر بننا ہے اور اپنے والد کے تمام ریکارڈز توڑنا ہے اور اپنی نسل کے لیے ایک ترغیب ایک مثال بننا ہے۔ جبکہ ایک دوسرے شخص نے کہا کہ وراٹ تو سب کو پسند ہیں اور ہمیں خوشی ہے۔ ایک دوسرے نوجوان نے وراٹ کے بچوں کے نام وامیکا اور اکائے کو پسند کیا ہے۔

وراٹ اور انوشکا شرما کے ہاں پہلے بیٹی پیدا ہوئی تھی جس کا نام انھوں نے وامیکا رکھا تھا۔ وامیکا 11 جنوری سنہ 2021 میں پیدا ہوئی ہیں اور ابھی محض تین سال کی ہیں۔ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی سنہ 2017 میں شادی ہوئی تھی اور یہ انڈیا میں سب سے مقبول دو شعبہ ہائے زندگی یعنی کرکٹ اور فلم کا سنگم تھا اور اس کی خوب پزیرائی ہوئی تھی۔

’انوشکا اور کوہلی کی خوشخبری، اب تیمور کا کیا ہو گا‘کمرے کی ویڈیو پر کوہلی، انوشکا ناراض: ’اگر بیڈروم میں بھی یہ ہوسکتا ہے تو حد کیا ہے؟‘’کوہلی کی اننگز پر اب سب انوشکا کا شکریہ ادا کریں‘شاہ رخ نے ویراٹ کوہلی کو اپنا داماد کیوں کہا؟’بیٹی وہ خوشیاں دکھائے جو آپ نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہوں’
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More