دبئی میں پاکستان مڈل ایسٹ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس ، سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی کمپنیوں کے لئے مواقع پر روشنی ڈالی

اے پی پی  |  Feb 22, 2024

دبئی۔22فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) محمد زبیر موتی والا نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں منعقدہ پاکستان مڈل ایسٹ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس 2024 میں شرکت کی۔

جمعرات کو پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا اہتمام پاکستان کے سفارت خانے، ٹی ڈی اے پی اور اینگرو پاکستان نے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔ جاری گلف فوڈ 2024 میں شریک پاکستانی نمائش کنندگان اور اماراتی بزنس کمیونٹی نے تقریب میں شرکت کی۔

کانفرنس میں پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے خیالات کے تبادلے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تقریب کا مقصد مشرق وسطیٰ میں پاکستانی تاجروں کو خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے خریداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمپنیوں کے لیے خاص طور پر ڈیری مصنوعات، گوشت، پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ساتھ نان فوڈ مصنوعات کے شعبوں میں مواقع پر روشنی ڈالی۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ مسلسل بڑھ رہی ہے جو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے بہترین کاروباری منصوبے رکھنے والی پاکستانی کمپنیوں کے لیے مثالی مواقع فراہم کرتی ہے۔ کانفرنس کے دوران پینل مباحثے بھی ہوئے جس میں مارکیٹ کی رسائی کو بڑھانے اور چیلنجوں کو موثر طریقے سے نیویگیٹ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تقریب میں چیئرمین الاوار لائیو سٹاک ٹریڈنگ عبداللہ علی محمد العوار اور العوار لائیو سٹاک ٹریڈنگ کے وائس چیئرمین راسف عبداللہ العوار، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن ڈاکٹر شہزاد امین، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ اینڈ آپٹیمائزیشن علی تنویر خان سمیت دیگر سرکردہ پاکستانی تاجروں اور برآمد کنندگان نے شرکت کی۔

پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان ظہیر نے پاکستان سے متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں ڈیری برآمدات کی اہمیت اور ویلیو ایڈڈ ڈیری مصنوعات کی پیداوار کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ علی تنویر نے حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہا جس نے فرائز لینڈ کیمپینا کی یو اے ای کی مارکیٹ میں رسائی کو ممکن بنایا۔

پینل ڈسکشن کے دوران ڈاکٹر شہزاد امین نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں نئی کمپنیوں اور برآمد کنندگان کے لیے ایک انکیوبیٹر سیل بنانے کی تجویز پیش کی جو متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ محمد زبر موتی والا نے اس تجویز کی توثیق کرتے ہوئے نئے برآمدی کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ٹی ڈی اے پی میں بزنس انکیوبیٹر سینٹر کے قیام کے لیے تعاون کا وعدہ کیا۔

انہوں نے اگست 2024 میں کراچی میں منعقد ہونے والی ایگرو فوڈ نمائش کا بھی ذکر کیا اور متحدہ عرب امارات کے تاجروں کو اس میں شرکت کی دعوت دی

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More