پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ملتان سلطانز کی بیٹنگ جاری

اردو نیوز  |  Feb 25, 2024

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 11ویں میچ میں ملتان سلطانز کی ٹاس ہارنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

اب سے کچھ دیر پہلے تک ملتان سلطانز نے 16 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان کے 122 رنز بنا لیے تھے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا گیا اور ابتدائی دو اوورز میں دونوں اوپنرز نے گلیڈی ایٹرز کے بولروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز کی شراکت زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور تیسرے اوور میں ابرار احمد کی گیند پر عثمان خان سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور ریزا ہینڈرکس کے درمیان عمدہ شراکت دیکھنے کو ملی۔

دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 62 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔

اس شراکت کے دوران محمد رضوان نے اپنی ففٹی بھی مکمل کی تاہم وہ ففٹی بناتے ساتھ ہی عقیل حسین کی گیند پر لانگ آن پر موجود سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اتوار کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری یہ میچ ملتان سلطانز کا ایونٹ میں پانچواں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا چوتھا میچ ہے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے رواں سیزن میں اب تک چار میچ کھیلے ہیں جس میں اسے تین میں فتح جبکہ ایک میں شکست ہوئی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ابھی تک لیگ میں تین میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے تینوں میچوں میں فتح حاصل ہوئی ہے۔

اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو دونوں ٹیموں کے 6،6 پوائنٹس ہیں تاہم بہتر رن ریٹ ہونے کے باعث ملتان سلطانز پہلے نمبر موجود ہے۔

دونوں ٹیمیں لیگ کی تاریخ میں مجموعی طور پر 11 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں 7 مرتبہ جیت ملتان سلطانز جبکہ 4 مرتبہ فتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، عثمان خان، رِیزا ہینڈرکس، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ وِلی، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، عباس آفریدی اور محمد علی شامل ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، سرفراز احمد، شرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، عثمان طارق، محمد عامر اور ابرار احمد شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More