امریکہ میں میگا ملینز لاٹری میں ایک ارب دس کروڑ ڈالر کا جیک پوٹ جیت لیا گیا

بی بی سی اردو  |  Mar 28, 2024

Getty Images

امریکی ریاست نیو جرسی میں منگل کو ایک شخص نے میگا ملینز لاٹر میں ایک ارب دس کروڑ ڈالر کا انعام جیت لیا ہے۔

اس لاٹری کی تاریخ میں یہ پانچواں بڑا جیک پوٹ ہے۔

یہ جیک پوٹ حاصل کرنے کے لیے اس شخص نے لاٹری ٹکٹ پر جن اعداد کا انتخاب کیا وہ 11، 22، 29، 38 اور 04 تھے اور یہ تمام اعداد کے ایک ہی ٹکٹ پر چنے جانے کے امکانات 302 ملین میں سے ایک کے تھے۔

لاٹری انتظامیہ کی جانب سے بدھ کو کہا گیا کہ انعام کی رقم ابھی ایک اندازہ ہے اور اس بارے میں فیصلہ لاٹری کے تمام ٹکٹوں کی فروخت کے حتمی تعین کے بعد ہی ہو گا۔

یہ انعام جیتنے والے شخص کے بعد اختیار ہو گا کہ وہ یکمشت 53 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی رقم لے یا پھر یا پھر سالانہ اقساط میں رقم لے جو مجموعی طور پر یکمشت لی گئی رقم سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

منگل کو جب لاٹری کے لیے قرعہ اندازیہوئی تو کیلیفورنیا، کولوراڈو، جارجیا، مشی گن، انڈیانا، الینوائے، نیویارک، فلوریڈا اور اوہائیو کی ریاستوں میں 13 ٹکٹ ایسے تھے جن کے مالکان نے لکی ڈرا کے پہلے پانچ نمبر درست منتخب کیے اور انھیں کم از کم دس لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا۔

1.6 بلین ڈالر کی لاٹری جیتنے والا خوش قسمت کون؟قسمت ہو تو ایسی، پانچ ماہ میں دو بار لاٹری جیت لی

یہ 2024 میں پہلا موقع ہے کہ میگا میلنز جیک پوٹ جیتا گیا ہے۔ گذشتہ برس کیلیفورنیا کے دو افراد نے 394 ملین امریکی ڈالر کا انعام جیتا تھا۔

امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑا لاٹری جیک پوٹ دو ارب امریکی ڈالر کا پاور بال پرائز تھا جو کیلیفورنیا میں ہی نومبر 2022 میں جیتا گیا تھا۔

امریکی میگا ملین لاٹری کے دو ڈالر مالیت کے ٹکٹ امریکہ کی 45 ریاستوں میں فروخت ہوتے ہیں۔

لاٹری کے مطابق ہر میگا ملینز ٹکٹ کی فروخت سے ملنے والی آمدنی کا آدھا اس ریاست کے پاس رہتا ہے جہاں ٹکٹ فروخت ہوئے تھے اور اسے طے شدہ مقاصد اور فروخت گنندگان کے کمیشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ لاٹری 2002 میں شروع ہوئی تھی اور تب سے اس کے قوانین میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں جن کے باعث لاٹری جیتنے کے امکانات کم ہوئے اور اسی وجہ سے انعام کی رقم جمع ہو کر بہت بڑی ہو جاتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More