’مل کر دہشتگردی ختم کریں گے‘، محسن نقوی کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات

اردو نیوز  |  Mar 28, 2024

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان جمعرات کو پشاور میں ملاقات ہوئی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلٰی ہاؤس پہنچنے پر علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔

ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے کا عزم دوہرایا اور کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے شانگلہ میں خودکش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس اور ان کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس حملے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے موثر کوآرڈینیشن کی ہدایت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے، پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے۔‘

انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

ان کے مطابق ’عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More