کراچی،پولیس نے لانڈھی میں غیرملکیوں پر ہونے والے حملے کو ناکام بنادیا، دو دہشتگرد ہلاک

اے پی پی  |  Apr 19, 2024

کراچی۔ 19 اپریل (اے پی پی):ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی مستوئی نے کہا ہے کہ پولیس نے لانڈھی کے علاقے میں غیرملکیوں پر ہونے والے حملے کو ناکام بنادیا، واقعے میں دو دہشتگرد ہلاک اورغیر ملکیوں کے قافلے کی حفاظت پر مامور( غیر ملکی شہریوں کے ایک گروپ کا )سکیورٹی گارڈ دہشت گردوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمعے کو علی الصبح کراچی کے علاقے لانڈھی میں نامعلوم دہشت گردوں نے غیر ملکی شہریوں کے قافلے پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی گارڈز نے فوری طور پر ناکام بنا دیا، اس دوران غیر ملکی مہمان محفوظ رہے تاہم، دو دہشت گرد ہلاک اور ایک سکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملیر پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس، ڈی آئی جی ایسٹ کیپٹن ریٹائرڈ غلام اظفر مہیسر، ایس ایس پی ملیر، ایس ایس پی سپیشل برانچ عارف عزیز اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تین گاڑیوں میں غیر ملکی جا رہے تھے،سپیڈ بریکر پر گاڑی کی رفتار کم ہوئی تو حملہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کام کررہی ہے اور حملے کے شواہد ملے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More