پاکستان اورجاپان کا اعلیٰ سطح کے اقتصادی پالیسی ڈائیلاگ کا اگلا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق

اے پی پی  |  Apr 24, 2024

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):پاکستان اورجاپان نے اعلیٰ سطح کے اقتصادی پالیسی ڈائیلاگ کا اگلا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا۔یہ اتفاق رائے بدھ کو وفاقی وزیراقتصادی امور احد خان چیمہ اور پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا متسوہیرو کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے چیف نمائندے نائوکی میاتا اور وزارت اقتصادی امور کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیرنے جاپان کے سفیر کا خیرمقدم کیا ، فریقین نے پاکستان اور جاپان کے درمیان 1954 میں اپنے قیام کے بعد سے سات دہائیوں پر محیط دیرینہ دوطرفہ تعاون پرروشنی ڈالی اور اس کی تعریف کی۔ فریقین نے باہمی مفاد کے دوطرفہ اور مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کے لیے جاپان کی اقتصادی امداد کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان جاپان کی حکومت کی طرف سے دی جانے والی اقتصادی امداد کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

جاپانی سفیرنے صحت، تعلیم، ماحولیات اور پانی جیسے باہمی متفقہ ترجیحی شعبوں میں پاکستان کی حمایت کے لیے جاپان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جاپان کی طرف سے فنڈز فراہم کرنے والے جاری ترقیاتی پورٹ فولیو پر عملدرآمد کی پیشرفت بشمول 2022 کے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر جاپان کے خصوصی امدادی پیکج اور حکومت کے سول سروس افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے سکالرشپ پروگرام کے بارے میں بھی بتایا ۔

جاپانی سفیرنے کہاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جاری منصوبوں کے موثر نفاذ اور جائزہ کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون میں پرعزم ہیں۔فریقین نے جاپان پاکستان اعلیٰ سطح کے اقتصادی پالیسی ڈائیلاگ کا اگلا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More