حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں پیشہ وارانہ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے ، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس سمیت ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے، وزیراعظم شہباز شریف

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارتوں سے آراستہ کرکے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے ، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس سمیت ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آئی ٹی کے شعبے میں خواتین کی خدمات کی پذیرائی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہزاروں ڈالر کمانے والی خواتین کی تقریب میں شرکت کر کے خوشی ہوئی ہے، یہ ان کی نمایاں کامیابی ہے، ان خواتین کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی امتیاز کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، سعودی عرب میں کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں 40 فیصد خواتین کام کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے انتہائی باصلاحیت لاکھوں نوجوانوں پر مشتمل ملک کے عظیم اثاثہ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں پیشہ وارانہ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں فراہم کرنے پر پختہ یقین رکھتا ہوں، انٹرپرینیورز ملک کیلئے زرمبادلہ کما رہے ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ضروری سرمایہ کاری فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فن ٹیک کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، اس کا معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، اپنا اکاؤنٹ اور پیسے کمائیں، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس سمیت ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، خواتین ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پالیسی کے تحت ملک میں فائبر آپٹک کا جال بچھایا جا رہا ہے، طالب علموں کو سستے داموں موبائل اور ٹیبلٹس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں خواتین کی شراکت یقینی بنانے کیلئے انہیں سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ٹی کے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More