ضلع باجوڑ: سیلابی ریلے سے ریسکیو ہونے والی خاتون کے ہاں 4 بچوں کی پیدائش 

اردو نیوز  |  Apr 28, 2024

صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف حادثات میں کئی ہلاکتیں واقع ہو چکی ہیں۔

اتوار کو ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں واقع برساتی نالے سمسئی میں سیلابی ریلا آنے سے مسافروں کی گاڑی پھنس گئی جس میں چھ مسافروں سمیت ایک حاملہ خاتون بھی موجود تھیں۔

مقامی افراد نے برساتی نالے میں پھنسی گاڑی کو نکالنے کی کوشش کی مگر پانی کا بہاؤ اس قدر تیز تھا کہ وہ کامیاب نہ ہو سکے۔

مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کی ٹیم کو اطلاع دی جو بروقت موقع پر پہنچ گئی۔

ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر اینڈ ریکوری ٹیم نے آپریشن کیا اور ہیوی مشینری کی مدد سے گاڑی کو سیلابی ریلے سے نکالنے میں کامیاب ہو گئی تاہم پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔

ترجمان ریسکیو بلال فیضی نے اردو نیوز کو بتایا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ حاملہ خاتون کو میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ترجمان کے مطابق خاتون مسافر کو طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منقتل کر دیا گیا جہاں انہوں نے 4 بچوں کو جنم دیا ہے۔

بلال فیضی نے بتایا کہ ماں اور بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم  مزید نگہداشت کے لیے وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو دنوں سے جاری بارشوں میں اب تک 5 افراد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More