پاکستان نے بھاری مشینری اور پلانٹس میں مشترکہ منصوبوں کے لیے بیلاروس کی مہارت سے استفادہ کیا ہے ،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ

اے پی پی  |  Apr 30, 2024

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھاری مشینری اور پلانٹس میں مشترکہ منصوبوں کے لیے بیلاروس کی مہارت سے استفادہ کیا ہے،پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے کامیاب چھٹے اجلاس میں تجارت، زراعت، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، سیاحت اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری میں مزید تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوجمہوریہ بیلاروس کے سفیر اینڈری میٹیلیسا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے جمہوریہ بیلاروس کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے جنوری 2023 میں منسک، بیلاروس میں ہونے والے چھٹے اجلاس کے دوران کیے گئے عزائم شامل ہیں۔اس موقع پرجمہوریہ بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت استعداد کارسے بہت کم ہے اور اسے حکومت سے حکومت اورتجارت سے تجارت کے ذریعے تعامل، تجارتی نمائشیں اور بینکنگ کے طریقہ کار کی ہم آہنگی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر چیمہ نے پاکستان کی زرعی مشینری بشمول ٹریکٹرز اور ہارویسٹرکے استعمال کی صلاحیت سے آگاہ کیا بالخصوص پاکستانی فرموں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ کے ساتھ ہم آہنگی پر زور دیا ۔ انہوں نے تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ زراعت کی ترقی کے حوالے سے حکومت پاکستان کے نقطہ نظر کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیرنے سفیر میٹیلیسا کو بیلاروس کو ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات اور سرجیکل آلات برآمد کرنے کی پاکستانی استعداد کارسے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان نے بھاری مشینری اور پلانٹس میں مشترکہ منصوبوں کے لیے بیلاروس کی مہارت سے استفادہ کیا ہے۔ انہوں نے پاک بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے فورم کے بارے میں روشنی ڈالتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ ملاقات کا اختتام دونوں طرف سے شکریہ کے کلمات پر ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More