سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان ریٹائرہوگئے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا خراج تحسین

اے پی پی  |  May 01, 2024

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کی ریٹائرمنٹ پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سینیٹ کی ادارے کے لئے مثالی خدمات اور غیر متزلزل لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیکرٹری سینیٹ کی ایوان بالا کے لئے شاندار خدمات اور انتھک کوششوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی قیادت، پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کو سراہا۔

سینیٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کا دور ان کی غیر معمولی قابلیت، مستعدی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے مشن کے لیے غیر متزلزل لگن قابل تحسین ہے۔

ان کی قیادت ثابت قدمی نے ادارے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔سیکرٹری سینیٹ نے اپنے دور میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے کام کو مزید بہتر کرنے، پارلیمانی امور کی موثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے اور قانون سازی کے عمل کو انمول تعاون فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کی ادارے کے لئے مثالی خدمات پر تہہ دل سے خراج تحسین پیش کیا اور ان کی ریٹائرمنٹ پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری سینیٹ کی دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمت سرکاری ملازمین کیلئے مشعل راہ ہے۔

سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو بطور چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے تعاون کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے ایوان بالا کے تمام ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون سے انہوں نے ایوان بالا کے کام کو مثالی بنایا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔اس موقع پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More