او آئی سی کے لیے فلسطین کاز اولین ترجیح رہا ہے، سعودی وزیر خارجہ

اے پی پی  |  May 05, 2024

ریاض ۔5مئی (اے پی پی):سعودی عرب کےوزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی، محفوظ انسانی راہداریوں اور فلسطینوں کے جائز حقوق بشمول حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گیمبیا میں 15 ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کی۔

او آئی سی کانفرنس ’اسلامی اتحاد و یکجہتی برائے ترقی‘ سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ نے او آئی سی کی تنظیم نو، ترقی اور اصلاحات پر بھی زور دیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے قیام سے آج تک ایجنڈے میں مسئلہ فلسطین اولین ترجیح رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو ان کا حق دلوانے اور ان پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کے لیے ملت اسلامیہ کی آواز ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جب سے غزہ میں حملے شروع ہوئے مملکت نے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کی امداد کےلیے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر فوری اور مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، متاثرین کی امداد کےلیے بھی روز اول سے مہم شروع کی گئی ۔علاوہ ازیں فلسطینی بھائیوں کی مشکلات کو ختم کرنے اور وہاں ایک مستقل اور آزاد ریاست کے قیام کےلیے مختلف محاذوں پر کوششیں کی گئی ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ مملکت مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ مختلف نوعیت تنازعات کے حل اور علاقائی و عالمی امن وسلامتی کے حصول کے لیے ہرسطح پرکوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دہشتگردری سے نمٹنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے رکوانے میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔

کانفرنس میں سعودی عرب کے وفد میں نائب وزیر خارجہ انجینئرولید بن عبدالکریم الخریجی ، سنیگال میں سعودی عرب کے سفیر سعد بن عبداللہ النفیتی، او آئی سی میں مملکت کے مستقل مندوب ڈاکٹر صالح السحیبانی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More