وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے ملاقات، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار

اے پی پی  |  May 05, 2024

بنجول۔5مئی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ملاقات کی ہے۔گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی اس دو طرفہ ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان نے تجارت، باہمی رابطوں ، توانائی اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر دو طرفہ تجارت، باہمی رابطوں، توانائی اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ فریقین نے خاص طور پر سیاسی سطح پر بات چیت اور تعلقات کو گہرا کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

باکو کوپ 29 کی میزبانی کے لئے نامزد ہونے پر وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کو مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون اور تجربے کے تبادلے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے منصفانہ کاز پر آذربائیجان کے مضبوط اور اصولی موقف کی بھی تعریف کی ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More