معاشی اشاریے مثبت ہیں، عالمی جریدے بھی پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں، پنشن اصلاحات پر تجاویز طلب کی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

اے پی پی  |  May 07, 2024

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں، عالمی جریدے بھی پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں، پنشن اصلاحات پر تجاویز طلب کی ہیں، جب تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی تو میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

منگل کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک تاریخ کے اس موڑ پر کھڑا ہے جہاں اصلاحات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے، معیشت کے حوالے سے تمام اشاریے مثبت ہیں، تمام عالمی جریدے پاکستانی معیشت کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ معاشی اشاریے مثبت ہونے کے ساتھ ساتھ سو فیصد درست بھی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے اخراجات میں کمی کی بات کی، حکومت نے جہاں ریونیو میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے، وہاں اخراجات میں کمی بھی کی۔ پنشن اصلاحات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ ہفتوں سے میڈیا پر پنشن اصلاحات کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور اسے کسی ایک ادارے سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنشن اصلاحات کے حوالے سے تجاویز طلب کی گئی ہیں، ان تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غلط فہمی اور قیاس آرائیوں سے بچنے کے لئے ہماری کوشش ہے کہ جو بھی معاملہ کابینہ، حکومت یا کسی بھی فورم پر زیر غور آئے، اسے میڈیا کے سامنے رکھا جائے تاکہ اس پر مناسب تجاویز آ سکیں، اس طرح ہم پروپیگنڈا اور فیک نیوز سے بھی بچ سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملازمین کی سروس کا دورانیہ بڑھانے کے حوالے سے تجویز پر غور کیا جا رہا ہے، جب یہ تجاویز حتمی شکل اختیار کر جائیں گی تو میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More