ملک میں یوریا کھاد کی یکساں قیمتیں نافذ کرنا ہوں گی ، کم نہ کرنے کی صورت میں حکومت قیمتیں فکس کر دے گی ، رانا تنویر حسین

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کسانوں کی سہولت کے لئے ملک میں یوریا کھاد کی یکساں قیمتیں نافذ کرنا ہوں گی ، کم نہ کرنے کی صورت میں حکومت قیمتیں فکس کر دے گی، کھاد کمپنیوں کو کسانوں سے ناجائز منافع لینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایف ایف سی، اینگرو، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی اور کسان اتحادکے نمائندوں ، وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز زراعت نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کھاد کمپنیوں کو کسانوں سے ناجائز منافع لینے کی اجازت نہیں دے سکتے، فرٹیلائزر کمپنیاں کسانوں کی مشکلات کا ادراک کئے بغیر یوریا کی قیمتیں بڑھا رہی ہیں، کھاد کمپنیاں حال ہی میں بڑھائی ہوئی یوریا کھاد کی قیمتیں واپس لیں۔

انہوں نے کہا کہ قیمتیں واپس لینے کا ایک اور موقع دے رہے ہیں، کم نہ کرنے کی صورت میں حکومت قیمتیں فکس کر دے گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ کسانوں کی سہولت کے لئے ملک میں یوریا کھاد کی یکساں قیمتیں نافذ کرنا ہوں گی ، تمام کھاد کمپنیاں اور ڈیلرز ایک ہی قیمت پر عمل کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت اور منافع کے مارجن کے تعین کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی صنعت کو گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More