انڈین نوجوانوں کو یوکرین میں روس کے لیے لڑنے کا جھانسہ، چار افراد گرفتار

اردو نیوز  |  May 08, 2024

انڈیا کی پولیس نے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کے نیٹ ورک سے منسلک چار افراد کو اس شبے میں گرفتار کیا گیا ہے کہ وہ نوجوانوں کو منافع بخش نوکریوں کا جھانسہ دے کر روس لے جا رہے تھے تاکہ انہیں یوکرین میں جنگ لڑنے پر مجبور کیا جا سکے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے مارچ میں کہا تھا کہ تقریباً 35 انڈین مردوں کو ایسا ہی دھوکہ دیا گیا تھا۔

منگل کو سی بی آئی نے کہا تھا کہ گرفتار کیے گئے چار انڈین شہریوں میں ایک مترجم، ویزا پروسیسنگ اور ایئر لائن ٹکٹوں کی بکنگ میں سہولت فراہم کرنے والے شخص کے ساتھ ساتھ جنوبی ریاستوں کیرالہ اور تمل ناڈو سے دو مرکزی کردار شامل تھے جو لوگوں کو بھرتی کرتے تھے۔

سی بی آئی نے کہا کہ ’دیگر ملزمان کے خلاف تحقیقات جاری ہے جو انسانی سمگلروں کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔‘

جنگ میں مارے گئے دو انڈین مردوں کے اہل خانہ نے روئٹرز کو بتایا کہ وہ فوج میں ’ہیلپرز یا مددگار‘ کے طور پر کام کرنے کی امید لیے روس گئے تھے۔

انڈین وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہر کیس کو روس کے ساتھ سنجیدگی سے اٹھایا ہے۔ ماسکو نے اس پر تبصرے کے لیے روئٹرز کی بار بار کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

ایسے ہی متعدد کیسز سامنے آنے کے بعد دیگر ایشیائی ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف خبردار کر دیا ہے۔

سی بی آئی نے کہا کہ دیگر ملزمان کے خلاف تحقیقات جاری ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)بدھ کو سری لنکا نے کہا تھا کہ اس کے ’متعدد‘ ریٹائرڈ سابق فوجیوں کو ’پرتعیش تنخواہ‘، شہریت اور دیگر مراعات کے وعدے کے ساتھ فوج میں خدمات انجام دینے کے لیے ترغیب دی گئی تھی تاہم کسی کو بھی جانے نہیں دیا گیا۔

سری لنکا کی وزارت دفاع نے کہا کہ ’سابق فوجیوں کی ایک بڑی تعداد میدان جنگ میں ہلاک اور زخمی ہوئی۔‘ وزارت دفاع نے مزید کہا کہ اس معاملے میں قانون کو ’سختی سے نافذ‘ کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں ایک ریٹائرڈ میجر اور ایک بھرتی کرنے والے ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

نیپال جس نے جنوری میں روس اور یوکرین کے لیے ورک پرمٹ کا اجرا روک دیا تھا، نے کہا ہے کہ کئی بے روزگار نوجوانوں کو ایجنٹوں نے غیرقانونی طور پر روسی فوج میں بھرتی کیا تھا جنہوں نے ان سے ویزوں کے لیے بھاری رقم وصول کی تھی۔

24 فروری کو یوکرین جنگ کو دو سال ہو گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)حکام نے بتایا کہ کم از کم 200 نیپالی روسی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور تقریباً 100 لاپتہ ہیں۔

انڈیا نے یوکرین جنگ پر روس کی مذمت کرنے سے انکار کرتے ہوئے تنازع کے خاتمے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے قریبی تعلقات رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان لڑاکا طیاروں سے لے کر چائے تک کی تجارت ہوتی ہے۔

انڈیا نے جنگ کے بعد سے سستے روسی تیل کی خریداری میں بھی اضافہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More