پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی تعاون کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سوئس سفیر سے گفتگو

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، کلائمیٹ، سیاحت اور مائیگریشن میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹینر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ملاقات کی۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں کاروبار کرنے والی سوئس کمپنیوں کو سراہا اور مزید سوئس کمپنیوں کو پاکستان میں خاص طور پر قابل تجدید توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ فریقین کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دے گا جس سے وہ مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی اور مہارت کو بروئے کار لا سکیں گے۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال اور کثیر الجہتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کثیرالجہتی معاملات میں سوئٹزرلینڈ کے کردار کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی اور قیام امن کی کوششوں میں ملک کے تعاون کو بھی سراہا۔ واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے گزشتہ سال جولائی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان اس سال جنوری میں دو طرفہ سیاسی مشاورت ہوئی تھی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More