وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت سمگلنگ سے متعلقہ جرائم سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے قانونی اصلاحات کو تقویت دینے کے لیے اجلاس کا انعقاد

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):سمگلنگ سے متعلقہ جرائم سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے قانونی اصلاحات کو تقویت دینے کے لیے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جمعرات کو اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نمائندوں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں انسداد سمگلنگ کے مقدمات سے متعلق پراسیکیوشن کے نظام میں نمایاں خامیوں اورتاخیر کا جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر جن چیلنجز کی نشاندہی کی گئی اور ان کے لیے موثر اقدامات تجویز کیے گئے، ان میں انسداد سمگلنگ ایکٹ میں ترامیم، لاہور، ملتان اور بلوچستان میں سمگلنگ کے مقدمات کو نمٹانے کے لیے مخصوص عدالتوں کی توسیع اور وزارت قانون کی جانب سے عدالتی کارکردگی کی نگرانی میں اضافہ شامل ہیں۔اٹارنی جنرل نے تربیت یافتہ اہلکاروں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کارکردگی کے معیار کو بلند کرنے کے لیے استغاثہ اور تفتیشی افسران کے لیے تربیتی پروگرام نافذ کرنے کی تجویز دی۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر قانون نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ زیر التواء کیسز اور متعلقہ مالیاتی اثرات کا ریکارڈ آئندہ اجلاس میں پیش کرے جس سے ٹارگٹڈ کارروائی کی راہ ہموار ہو گی۔مزید برآں وزیر قانون نے نفاذ کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے ملتان میں فوری طور پر کسٹم کورٹ کے قیام کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More