حکومت کی پوری توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، ملک کے معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، وزیراعظم عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد سے گفتگو

اے پی پی  |  May 10, 2024

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، ملک کے معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، عالمی جریدے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیشنگوئی کر رہے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں پاکستان میں آزادی اظہار رائے، حکومت کے معاشی اقدامات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بنگلہ دیشی صحافیوں کو حکومت کے معاشی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت کی پوری توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، عالمی جریدے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیشنگوئی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے، یہ منصوبے نہ صرف معیشت کو فروغ دیں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں آزادی اظہار رائے کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے،

ہم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں کے پھیلائو کو روکنے کے لئے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بنگلہ دیشی صحافیوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ پاکستان آئے اور حکومت کے معاشی اقدامات بارے جاننے میں دلچسپی لی۔ بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد نے پاکستان میں میزبانی اور تعاون کی فراہمی پر حکومت پاکستان، وزارت اطلاعات اور صحافتی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت اچھا لگا، اس طرح کے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد میں اقتدار احمد، مکرم حسین، ریاض احمد، شیخ ساجد، محمد عبدالودود، جبون احمد سارکار، قمر الزمان اور معین الحق شامل تھے۔ ملاقات میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More