اسلام آبادجیل تعمیر کا پہلا مرحلہ ریکارڈ 6 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا،وفاقی وزیر داخلہ

اے پی پی  |  May 10, 2024

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ ریکارڈ 6 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ ہدایت انہوں نے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں زیر تعمیر جیل کے دورہ کے موقع پر دی گئی بریفنگ میں دی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر جیل کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو تعمیراتی سرگرمیوں پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ13برس تک منصوبے کو لٹکائے رکھنا صریحا ً نااہلی ہے۔دن رات کام کر کے جیل کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے۔ ضروری عملے کی تعیناتی بھی فوری شروع کی جائے۔منصوبے کی تکمیل کے لیےوسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام اباد میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا۔ کئی برس کے بعد بھی اس منصوبے کو مکمل نہیں کیا جاسکا۔

جیل میں 2 ہزار قیدی رکھنے کی گنجائش ہو گی جو بڑھائی جا سکے گی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی پولیس اسلام آبادسیدناصر رضوی، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More