پی آئی اے بچے کا تابوت جہاز میں رکھنا بھول گئی، سکردو میں لواحقین کا احتجاج

اردو نیوز  |  May 10, 2024

پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے سکردو کے لیے پرواز ایک بچے کی میت کو پیچھے چھوڑ کر اپنی منزل پہنچ گئی۔

یہ واقعہ جمعے کو پیش آیا جب بچے کے لواحقین اس کی میت کو آبائی علاقے کھرمنگ لے جا رہے تھے۔

سکردو کے علاقے کھرمنگ سے تعلق رکھنے والے شہری کا چھ سالہ بیٹا مجتبیٰ گزشتہ روز راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں انتقال کر گیا تھا۔

سکردو کے صحافی سرور سکندر نے اس بارے میں لکھا کہ ’لواحقین نے میت کو پی آئی اے کارگو میں بُک تو کیا تھا لیکن اسے جہاز نہیں رکھا گیا۔‘

پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کا تعین کیا جائے گا۔

سکردو ایئرپورٹ پر بچے کے لواحقین نے احتجاج کیا ہے (فوٹو: فیس بک سرور سکندر)سرور سکندر کے مطابق ’پی آئی اے کی پرواز نے میت اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھوڑ کر لواحقین کو سکردو پہنچا دیا جس پر لواحقین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔‘

’جب والدین کو پتا چلا کہ بچے کی میت سکردو نہیں پہنچی تو وہ غم سے نڈھال ہو کر بے ہوش ہو گئے۔‘

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ غفلت کے مرتکب عملے کو سخت سزا دی جائے گی۔

بیان کے مطابق میت کو کارگو ٹرمینل کولڈ سٹوریج منتقل کر دیا گیا ہے۔ لواحقین کے خاندان کے تین افراد کو سکردو سے اسلام آباد لایا جا رہا ہے۔ کل تینوں افراد میت کے ساتھ دوبارہ گلگت روانہ ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More