سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، ہماری کوشش ہے تمام فریقین مل بیٹھ کر ملکی مسائل کے حل کے لئے بات کریں،سید یوسف رضا گیلانی

اے پی پی  |  May 23, 2024

ملتان ۔23مئی (اے پی پی):قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، ہماری کوشش ہے تمام فریقین مل بیٹھ کر ملکی مسائل کے حل کے لئے بات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام سے ہی عوام کی حالت بہتر ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری سے بات کی ہے کہ بجٹ عوامی فلاحی ہونا چاہئے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئندہ بجٹ نوجوان دوست ہونا چاہئے، یقین دلاتا ہوں کہ ہماری جماعت عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں ہیں، میں اس حلقہ سے 1988 سے الیکشن لڑ رہا ہوں، اس سے پہلے میرے والد نے بھی یہیں سے الیکشن لڑا، اس بار میرا بیٹا اسی حلقہ سے بھاری اکثریت سے ضمنی الیکشن جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم حلقہ اور ملتان کے عوام کی بھرپور خدمت کی، میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نےضمنی الیکشن میں میرے بیٹے کی حمایت کی، پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہیں لیکن یہ الیکشن مل کر لڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے 70 ہزار خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اس حلقہ میں، جنوبی پنجاب میں صحت، تعلیم اور مواصلات کی سہولیات فراہم کریں گے۔ وزیراعظم سے بات ہو چکی ہے، جنوبی پنجاب میں سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز کے لیے شجاع آباد اور جلال پور میں زمین کی نشاندہی کر دی ہے ۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ملتان میں تھیلیسیمیا کے علاج کا مرکز قائم کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More