فلم کے سیٹ پر راجیش کھنہ کا رویہ میرے ساتھ ’متکبرانہ‘ تھا: فریدہ جلال

اردو نیوز  |  Jun 14, 2024

بالی وڈ اداکارہ فریدہ جلال نے کہا ہے کہ فلم آرادھنا کے سیٹ پر راجیش کھنہ کا رویہ ان کے ساتھ ’متکبرانہ‘ تھا لیکن فلم کی ریلیز کے بعد وہ دونوں دوست بن گئے تھے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق بالی وڈ کی سینیئر اداکارہ اور آنجہانی راجیش کھنہ نے فلم انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز تقریباً ایک ہی وقت میں کیا تھا۔

دونوں ایک ٹیلنٹ شو میں مشترکہ فاتح قرار دیے گئے جس کے بعد دونوں کو فلموں میں کام کی آفر ہوئی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق فریدہ جلال نے حال ہی دیے گئے ایک انٹرویو میں راجیش کھنہ (کاکا) کے ساتھ آرادھنا میں کام کو یاد کیا ہے۔ مذکورہ فلم نے راجیش کھنہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

فلم میں راجیش کھنہ اور شرمیلا ٹیگور لیڈ رول میں تھے، تاہم فریدہ جلال کا کردار بھی اہم تھا۔

فریدہ جلال کے مطابق فلم کے ہِٹ ہونے سے قبل سیٹ پر ہی راجیش کھنہ کا رویہ ’متکبرانہ‘ تھا جس کی وجہ ان کی راجیش کھنہ کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی۔

’آرادھنا کے بعد ہی وہ ’دی راجیش کھنہ‘ بن گئے لیکن سیٹ پر وہ پہلے ہی سے بہت مغرور تھے۔‘

’آرادھنا سپرہٹ ہوگئی اور تھیٹر میں یہ فلم کئی ماہ تک لگی رہی۔ اس وقت اگر فلم 75 ہفتے تھیٹر میں مکمل کرتی تو اس شہر میں فلم کی کاسٹ کو استقبالیہ دیا جاتا۔ آرادھنا کی کامیابی کے بعد ان استقبالیوں میں شرکت کے لیے مختلف شہروں کے دوروں کے دوران وہ اور کاکا دوست بن گئے۔‘

فریدہ جلال کے مطابق فلم کی کامیابی کے بعد وہ اتنے مشہور ہوگئے کہ خواتین ان کے (کاکا) کے قدموں میں گر جاتیں اور یہ بات مجھے اچھی نہیں لگتی تھی۔

’میں نے لوگوں کو راجیش کھنہ کو دیکھ کر پاگل ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ لڑکیاں ان کے قدموں میں گرتیں اور ان سے اپنے بازوؤں اور چہروں پر آٹوگراف لیتیں۔‘

’کاکا پھر میری طرف دیکھتے اور کہتے دیکھا؟ میں سوچتی کہ میں ان کے ساتھ کام کرتی ہوں اور میں ایسا محسوس نہیں کرتی تو ان لوگوں کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟‘

فریدہ جلال کے مطابق انہوں نے زندگی میں کسی کی ایسی مقبولیت نہیں دیکھی ہے۔

خیال رہے کہ فریدہ جلال حال ہی میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ہیرا منڈی‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More