ٹی20 ورلڈ کپ: ڈی کوک کی جارحانہ بیٹنگ، امریکہ کو 18 رنز سے شکست

اردو نیوز  |  Jun 20, 2024

ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں جنوبی افریقہ نے امریکہ کو 18 رنز سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو انٹیگوا میں ہونے والے میچ میں امریکہ کی ٹیم 195 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں صرف 176 رنز ہی بنا سکی۔ اینڈرس گوس 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔

امریکہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ابتدا میں تو درست نظر آیا لیکن آؤٹ آف فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کوک آج بھرپور ایکشن میں نظر آئے۔ اور انہوں نے امریکی بولرز کو خوب دھویا۔

ڈی کوک نے 40 گیندوں پر سات چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ایڈن مرکرم 46 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ہینرچ کلاسن تین چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

امریکہ کی جانب سے فاسٹ بولر سوربھ نیتراوالکر نے اپنی عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بائیں بازو کے سپنر ہرمیت سنگھ نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

امریکہ کی جانب سے اینڈرس گوس 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)کوئنٹن ڈی کوک کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

جنوبی افریقہ گروپ 2 میں دو پوائنٹس کے ساتھ اس وقت سب سے آگے ہے جبکہ گروپ 1 کا ابھی کوئی میچ نہیں ہوا۔

گروپ 1 میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور انڈیا جبکہ گروپ 2 میں جنوبی افریقہ، امریکہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں ہی امریکہ اور انڈیا سے شکست کھانے کے بعد باہر ہو چکا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More