اسلام آباد: کراچی میں گزشتہ سال کرنٹ لگنے سے 33 شہریوں کی ہلاکت کے کیس میں نیپرا نے کے لیکٹرک پر جرمانہ عائد کر دیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جاری شوکاز نوٹس پر کے الیکٹرک کا جواب مسترد کر دیا۔ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک پر جرمانہ لگانے کے فیصلے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جرمانے کی رقم نامزد کردہ بینک میں جمع کرانے کا حکم دیا۔
کے الیکٹرک کو ایک متاثرہ خاندان کے لواحقین کو 35 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک متاثرہ محمد اسلم کے خاندان کے وارث کو ملازمت دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی برائے احتساب کیخلاف مقدمہ درج
حکم نامے میں کہا گیا کہ نیپرا نے اگست 2023 میں کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ کے الیکٹرک شوکاز نوٹس کے جواب پر نیپرا کو مطمئن نہیں کرسکا۔ سال 23-2022 میں 33 شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔
نیپرا نے حکم نامے میں مزید کہا کہ شہریوں کی ہلاکت پر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ کے الیکٹرک، نیپرا قوانین پرعمل درآمد کرانے میں ناکام رہا۔