“ہم دونوں” محبت کی راہ میں طبقاتی جنگ لڑنے والوں کی داستان، اس ڈرامے کی کہانی محبت‘ غلط فہمیوں اور زندگی کے نشیب و فراز کے گرد گھومتی ہے۔
نعمان اعجاز ‘ بابر علی ‘ اذان سمیع خان ‘ کنزا ہاشمی ‘ زاویار نعمان ‘انیقہ ذوالفقار اور رابعہ کلثوم کا نام جس ڈرامے سے جڑا ہو اس سے اچھے نہیں بلکہ بہت اچھے ہونے کی امید ہوتی ہے کیونکہ یہ وہ نام ہیں جن کے کام کو عوامی پسندیدگی کی سند حاصل ہے‘ پھر لکھنے والی بی گل ہوں ‘ہدایات دے رہے ہوں عابص رضا اور پروڈیوسر ہوں مہروز کریم تو امیدیں دوچند ہوجاتی ہیں اور یہ سب ستارے ہم ٹی وی کے ڈرامے “ہم دونوں” سے وابستہ ہیں جو ہم ٹی وی سے ہر پیر کی شب 8بجے پیش کیا جاتا ہے۔ تادم تحریر ناظرین اس سیریل کی 8 اقساط دیکھ چکے ہیں اور نئے ہفتے میں پیر کے دن اس ڈرامے کی نئی سنسنی خیز قسط پیش کی جائے گی۔
اس ڈرامے کی کہانی محبت‘ غلط فہمیوں اور زندگی کے نشیب و فراز کے گرد گھومتی ہے۔ ہم دونوں ایک نوجوان لڑکی اور لڑکے کے درمیان محبت کی کہانی کو پیش کرتا ہے جس میں سماجی روایات اور خاندانی دباؤ کے باعث ان کی زندگیوں میں مشکلات آتی ہیں۔
شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
اب تک پیش کی جانے والی کہانی کے مطابق دو مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے اسد(اذان سمیع خان) اور وفا (کنزا ہاشمی) محبت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں ۔ باپ کی لاڈلی وفا اس زعم میں راہ وفا میں آگے بڑھ جاتی ہے کہ اس کی کوئی بات ٹالی نہیں جاتی لیکن جب وہ اپنے ڈیڈ اعجاز (نعمان اعجاز) سے اسد کا ذکر کرتی ہے تو اسے مزاحمتی رویئے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس کے باپ کو اپنی فیکٹری میں کام کرنے والے ایک کلرک کے بیٹے سے اپنی بیٹی کی شادی منظور نہ تھی ‘وہ اپنے رشتہ دار شہروز (زاویار نعمان) سے بیٹی کی شادی کرنا چاہتا ہے ۔وہ بیٹی کو منع کرتا ہے لیکن بیٹی کی ضد پر اسد سے ملتا ہے اور اسے ذلیل کرکے گھر سے نکلنے پر مجبور کردیتا ہے ۔ اسد اعجاز کو یہ باور کراتا ہے کہ وہ وفا سے ہی شادی کرے گا‘ بیٹی کے جنون اور اسد کی بے باکی اعجاز کو سیخ پا کردیتی ہے وہ اسد کو اغوا کرکے زخمی کردیتا ہے۔
شہروز وفا کے سامنے اس بات کااظہار کردیتا ہے کہ اسد کواعجاز نے اغوا کرایا اور اگر وفا اپنے ارادوں سے باز نہ آئی تو اسے مروا بھی سکتا ہے ۔وفا یہ سن کر خوفزدہ ہوجاتی ہے‘ ایک جانب وہ اسد کی جان بچانے کی خاطر اس سے دور ہونے لگتی ہے تو دوسری جانب باپ سے متنفر ہوکر اس کے مقابل آجاتی ہے۔وہ شہروز سے شادی پر آمادگی اختیار کرتی ہے ۔ وفا کی منہ بولی بہن سنبل )رابعہ کلثوم (شہروز کو چاہتی ہے اور وفا کے اس فیصلے سے تکلیف کا شکار ہے۔
شہروز خوش تو بہت ہے کیونکہ وہ وفا کو چاہتا ہے لیکن اسے وفا کے فیصلے پر حیرت ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ وفا ہر حقیقت سے آگاہ ہے ‘وہ وفا سے اس فیصلے کی سچائی جاننا چاہتا ہے لیکن وفا بغیر وجہ بتائے اس سے شادی پر مصر نظر آتی ہے۔شادی کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں لیکن شہروز کی الجھن دور نہیں ہوتی ۔ وہ اس خوف میں مبتلا ہے کہ وہ اسدکی جانب لوٹ جائے گی جبکہ درحقیقت وفا یہ سب صرف اسد کی زندگی بچانے کی خاطر کررہی ہے۔وہ اسد کواپنی جانب سے مایوس کردیتی ہے ‘اب دیکھنا یہ ہے کہ
کیا زخموں سے چور اسد اس غم کو برداشت کرسکے گا ؟
کیا وفا اس نئے رشتے میں بندھ پائے گی ؟
کیا شہروز کے خدشے درست ثابت ہوں گے ؟
گو کہ امیر لڑکی اور غریب لڑکے یا غریب لڑکی اور امیر لڑکے کی محبت کی کہانی کوئی نیا موضوع نہیں ہے لیکن اس پرانے موضوع کو اچھوتے انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ اس موضوع میں ایک جانب آج کی لڑکی کی بے باکی ‘ ہمت اور جرات کو سامنے لایا گیا ہے تو دوسری جانب اس کی روایت پسندی اورتابعداری کو بھی پیش کیا گیا ہے ۔
“ہم دونوں” بنیادی طور پر طبقاتی امتیاز کو منظر عام پر لارہا ہے جسے بی گل کے نوکدارقلم نے کاٹتے ہوئے انداز میں تحریر کیا ہے۔محبت کی اس دلکش کہانی میں کئی اتار چڑھائو ہیں‘ خوبصورت اور دل کو موہ لینے والی موسیقی ہے ‘ حسین مناظر ہیں جسے بے جھول ڈائریکریشن اور بے مثال پروڈکشن کی مثال ہے ۔
ملالہ یوسف زئی کا پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بھی فلمیں بنانے کا عندیہ
“ہم دونوں” کی کہانی محبت‘ خاندانی دباؤ اور انسانی جذبات کا احاطہ کرتی ہے‘ جس میں مرکزی کرداروں کی جدوجہد اور مشکلات کو دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کہانی میں جذباتی اتار چڑھاؤ نے ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کر رکھا ہے ۔ڈرامے میں نہ صرف مرکزی کرداربلکہ معاون کرداربھی انتہائی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ خاص طور پر مرکزی کرداروں کی اداکاری کو ناظرین کی جانب سے بہت سراہا جارہا ہے کیونکہ وہ اپنے کرداروں کو حقیقت کے قریب تر پیش کررہے ہیں۔
عوامی سطح پر ڈرامے کی پروڈکشن کوالٹی اور ڈائریکشن کو بھی سراہا جارہا ہے ۔ خوبصورت مناظر‘ موزوں موسیقی اور مکالموں کی جاندار ڈائریکشن ڈرامے کے معیار میں اضافہ کرتے نظر آرہے ہیں ۔ڈرامے میں پیش کئے جانے والے حقیقی زندگی کے موضوعات جیسے محبت‘ خاندانی دباؤ‘ غلط فہمیاں اور سماجی روایات ناظرین کو خود سے جوڑے رکھنے کا سبب بن رہے ہیں ۔ ڈرامے نے لوگوں کو اپنی روزمرہ زندگی کی کہانیوں سے جوڑا ہوا ہے جو یقینا اس ڈرامے کی اہم خوبی سمجھی جاتی ہے۔
ڈرامے کی بیک گراؤنڈ موسیقی اور آفیشل ساؤنڈ ٹریک کو ناظرین بے حد پسند کررہے ہیں کیونکہ اس نے کہانی کے جذباتی پہلوؤں کو مزید ابھارا۔یہ خوبیاں “ہم دونوں” کو ایک قابل دید ڈرامہ بنارہی ہیں جس کی وجہ سے یہ ڈرامہ ناظرین کی ایک بڑی تعداد کے دلوں میں جگہ بنارہا ہے ۔
آنے والی پر میں پیش کی جانے والی ڈرامے کی قسط میں ہم مزید تبدیلیاں‘ کرداروں کی بہترین پرفارمنس اور کہانی کا بدلتا ہوا رخ دیکھیں گے ۔
“ہم دونوں” آپ کی پسند کے معیار پر پورا اتر رہا ہے یا پھر آپ کے مطابق اس کی کہانی میں کچھ تبدیلیاں ہونی چاہئیں۔ ڈراموں میں مزید بہتری لانے کیلئے ہمیں اپنا فیڈ بیک دیں ۔