سوناکشی سنہا نے رواں سال طویل مدت تک اپنے دوست رہنے والے ظہیر اقبال سے شادی کی تھی۔تاہم سوناکشی سنہا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بات چیت کرتے ہوئے اپنے والدین کے ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کے فیصلے پر ردعمل کے بارے میں بتایا ہے۔سوناکشی سنہا نے بتایا ہے کہ ان کے والد معروف اداکار و سیاست دان شتروگن سنہا نے ان کے شادی کے فیصلے کی بھرپور حمایت کی۔اس دوران سوناکشی سنہا نے انکشاف کیا کہ ’ایک لمبے عرصے سے میرے دوست و احباب، رشتہ دار اور خاندان اس بات سے آگاہ تھے کہ میں ظہیر کے ساتھ ریلیشن شپ میں ہوں۔‘وہ مزید کہتی ہیں کہ ’میرے بابا تو بہت خوش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ جب میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی۔‘سوناکشی نے اس راز کو بھی افشا کر دیا کہ شادی سے قبل ان کے والد اور ظہیر اقبال کئی دفعہ مل چکے تھے اور ان دونوں کا ایک اچھا تعلق قائم ہو گیا تھا۔سوناکشی سنہا نے اپنی والدہ کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میری والدہ کی بھی تو محبت کی شادی تھی سو وہ یہ صورت حال اچھی طرح سمجھ سکتی تھیں۔‘دوسری جانب جوڑے نے کچھ ہی روز قبل ہندو تہوار گنیش چتورتھی ساتھ میں منایا۔ View this post on Instagram A post shared by Sonakshi Sinha (@aslisona)اس کے بعد سوناکشی سنہا نے اس کی ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس میں ان کے ہمراہ ظہیر اقبال کو بھی پُوجا پاٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔سوناکشی سنہا نے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا کہ ’محبت اس وقت عزت میں بڑھ جاتی ہے جب جوڑا صحیح معنوں میں ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کو فروغ دیتا ہے۔‘اس سے قبل رواں سال جولائی میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال فل پائن کے ہنی مون دورے سے واپس لوٹے تو دونوں کی جانب سے دورے کے متعدد فوٹوز بھی شیئر کی گئی تھیں۔یاد رہے کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے رواں سال 23 جون کو شادی کی تھی۔