امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا مہلک ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی حمایت کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرکے بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق ہمارے خدشات واضح ہیں تاہم پاکستان ہمارا طویل مدتی شراکت دار رہا ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے میتھیو ملر نے کہا کہ ہم کئی سالوں سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں اپنے خدشات کے بارے میں واضح اور مستقل ہیں۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پابندیوں اور دیگر اقدامات کا استعمال جاری رکھیں گے تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہماری قومی سلامتی متاثر نہ ہو۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق ہمارے خدشات واضح ہیں تاہم پاکستان ہمارا طویل مدتی شراکت دار رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکا نے بیلسٹک میزائلوں اور کنٹرولڈ میزائل آلات اور ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ میں ملوث ہونے کے الزام میں 5 اداروں اور ایک فرد پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پابندیوں میں ایک چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ، 3 چینی کمپنیوں اور ایک چینی فرد شامل ہے۔
امریکی ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے شاہین 3 اور ابابیل سسٹمز اور ممکنہ طور پر بڑے سسٹمز کیلئے راکٹ موٹرز کی جانچ کے آلات کی خریداری میں پاکستان کے ساتھ کام کیا۔