سنوکر چیمپئن شپ: اسجد اقبال نے انڈین حریف کو شکست دے کر فائنل میں کوالیفائی کر لیا

اردو نیوز  |  Sep 24, 2024

پاکستان کے سنوکر پلیئر اسجد اقبال نے انڈین کھلاڑی ملکیت سنگھ کو شکست دے کر ورلڈ 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

منگولیا میں جاری ورلڈ 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے اسجد اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں انڈیا کے ملکیت سنگھ کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

پاکستانی کیوئسٹ نے بیسٹ آف الیون میں انڈین حریف کو ایک فریم بھی نہ جیتنے دیا۔

مقابلے کا آغاز پہلے فریم میں اسجد اقبال کی 49-18 کی فتح کے ساتھ ہوا، جس کے بعد انہوں نے مسلسل بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا فریم 38-34، تیسرا فریم 46-13، چوتھا فریم 40-31، پانچواں فریم 52-13 اور چھٹا فریم 45-0 کے واضح فرق سے جیتا۔

دوسری جانب انڈیا کے ملکیت سنگھ اپنے حریف کے سامنے بے بس نظر آئے اور وہ ایک بھی بڑا بریک بنانے میں ناکام رہے۔

اس کے برعکس اسجد اقبال نے چھٹے فریم میں 40 کا بریک بھی بنایا اور یوں اسجد اقبال 6-0 کی کامیابی کے ساتھ فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

اس سے قبل کوارٹر فائنل میں اسجد نے سائپرس کے مائیکل جارگیو کو 5-2 سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More