غزہ میں اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے، صدر ترکیہ

ہم نیوز  |  Sep 25, 2024

نیویارک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ہٹلر سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صرف بچے نہیں اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن دنیا کے 5 با اثر ممالک کے ہاتھوں میں نہیں ہونا چاہیے۔ غزہ جنگ اقوام متحدہ کے بنیادی مشن کے لیے چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری دنیا میں امن قائم کرنا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ دنیا کے ممالک ریاست فلسطین کو تسلیم کریں۔ ممالک فلسطینی ریاست تسلیم کر کے تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ بنیادی انسانی حقوق کو نظرانداز کر رہی ہے۔ اور مغرب کی تہذیبی روایات و اقدار کا غزہ میں کھلے عام قتل ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے ، امریکی صدر

رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے غزہ بچوں اور خواتین کا دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن گیا ہے۔ غزہ میں صرف بچے نہیں بلکہ اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب جن مغربی اخلاقی روایات کا دفاع کرتا ہے وہ بھی غزہ میں قتل کی جا رہی ہیں۔ ہم لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جو اسرائیل کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انسانیت کے اتحاد سے اسرائیل کو روکنا ہو گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More