انگلش کرکٹ ٹیم کے بلے باز جوروٹ نے سابق کپتان الیسٹر کک کا ریکارڈ توڑ کر اہم اعزازات اپنے نام کر لئے۔
روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر جبکہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جوروٹ انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں،پاکستان کے خلاف ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوران جو روٹ نے پہلی اننگ میں بیٹنگ کے دوران 71 واں رنز مکمل کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان الیسٹر کک کا 12 ہزار 472 رنز کا ریکارڈ توڑدیا۔
الیسٹر کک نے 161 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 472 رنز بناکر انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ جو روٹ نے یہ کارنامہ 147 ویں ٹیسٹ میچ میں سرانجام دیا ہے۔
شہروز کاشف نے دنیا کی 14 بلند چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا
جو روٹ نے جاری ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 35 ویں سنچری بھی مکمل کی اور وہ زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھارت کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 200 ٹیسٹ میچز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اس فہرست میں دوسری پوزیشن پر ہیں،رکی پونٹنگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 13ہزار 378 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقہ کے جیکوس کیلس13289 رنز کے ساتھ تیسرے،بھارت کے راہول ڈریوڈ 13288 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ جو روٹ 12578 مکمل کر کے پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کااعزاز بھی سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے،انہوں نے 51 سنچریاں بنائی تھیں،جیکوس کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے،رکی پاونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ تیسرے،سنگاکارا 38 سنچریوں کے ساتھ چوتھے،راہول ڈریوڈ 36 سنچریوں کے ساتھ پانچویں اور روٹ 35 سنچریوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔