انڈیا: دوران پرواز خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں مسافر گرفتار

اردو نیوز  |  Oct 10, 2024

انڈین ایئرلائن انڈیگو کی ایک فلائٹ میں خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں 43 برس کے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق معاملے سے آگاہی رکھنے والے افراد نے جمعرات کو بتایا کہ نئی دہلی سے چنئی جانے والی انڈیگو ایئر کی پرواز میں ایک مسافر نے اگلی نشست پر بیٹھی خاتون کو نامناسب انداز سے چُھوا۔

بعدازاں خاتون نے ساڑھے چار بجے جہاز کے لینڈ ہونے کے بعد مسافر کے خلاف ایئرپورٹ سے متصل تھانے میں رپورٹ درج کروا دی۔ان کا موقف تھا کہ ’میں جہاز کی کھڑکی کے ساتھ والی سیٹ پر سو رہی تھی کہ  میرے عقب والی سیٹ پر موجود مسافر نے نامناسب انداز سے میرے جسم کو ہاتھ لگایا۔‘ خاتون نے جہاز کے عملے کی مدد سے مسافر کے خلاف سیکشن 75 (جنسی ہراسیت کے الزام) کے تحت مقدمہ درج کروا دیا جس کے بعد اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ شخص کی شناخت راجیش شرما کے طور پر ہوئی ہے، ملزم کا بنیادی طور پر تعلق راجستھان سے ہے، تاہم وہ کئی برسوں سے چنئی میں رہائش پذیر ہیں۔چنئی ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت مرد مسافر سیٹ نمبر 3 اے پر بیٹھے تھے۔ان کے مطابق متاثرہ خاتون اپنی مرضی سے شکایت درج کروانا چاہتی تھیں، لہٰذا ہمارے سٹاف نے اُن کے ساتھ تعاون کیا۔دوسری جانب انڈیگو ایئرلائن کی جانب سے تاحال باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More