ہانگ کانگ سکسز کے دوران فہیم اشرف کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 17 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
اس میچ میں پاکستانی اوپنر محمد اخلاق نے سات چھکوں کی مدد سے صرف 16 گیندوں پر 53 رنز بنائے جبکہ 11 گیندوں پر 27 رنز اور پھر دو وکٹیں بھی حاصل کرنے پر حسین طلعت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری طرف انڈیا کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ایک رن سے اپ سیٹ شکست ہوئی ہے اور یوں انڈین ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
ہانگ کانگ سکسز کے دونوں سیمی فائنل 3 نومبر یعنی اتوار کو کھیلے جائیں گے۔ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔
ہانگ کانگ سکسز میں پاکستان اب تک ناقابل شکست
پاکستانی ٹیم نے اب تک ہانگ کانگ سکسز 2024 کے دوران تمام تین میچوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس منفرد ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں چھ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں اور فی ٹیم چھ اوورز کھیلے جاتے ہیں۔
سب سے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو صرف چھ اوورز میں 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس میچ میں آصف علی نے 14 رنز پر نصف سنچری بنائی تھی۔
پاکستان نے عامر یامین اور آصف علی کی دو، دو وکٹوں کی بدولت یہ میچ 13 رنز سے جیت لیا تھا۔
جب انڈیا کی پہلی خاتون پہلوان حمیدہ بانو نے کہا ’مجھے دنگل میں ہرانے والا مجھ سے شادی کر سکتا ہے‘ٹی 20 کرکٹ میں کم سکور کا نیا ریکارڈ: 10 رن پر پوری ٹیم آؤٹ پھر دو گیندوں پر دو چھکے اور میچ ختم90 میٹر دور جیولن پھینکنے میں خاص کیا ہے اور ارشد ندیم کی ریکارڈ تھرو اتنی غیر معمولی کیوں تھی؟دنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایا
انڈیا کے خلاف دوسرے میچ میں 120 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی آصف علی محض 14 گیندوں پر 55 رنز کی بدولت بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
فہیم اشرف نے دو اوورز میں 50 رنز دے کر رابن اتھاپا اور کیدار جادھو کی دو اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا جسے اپنے دوسرے میچ میں نیپال کے خلاف 11 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ مگر سیم ہیزلیٹ کی قیادت میں ہانگ کانگ کے خلاف کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا نے 13 رنز سے فتح حاصل کی۔
اس میچ میں ڈین کرسچن نے چھ چھکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 53 رنز بنائے اور آسٹریلیا نے ہانگ کانگ کو 130 رنز کا ہدف دیا تھا مگر کوئی وکٹ کھوئے بغیر بھی ہانگ کانگ کی ٹیم چھ اوورز میں 116 رنز ہی بنا سکی تھی۔
ہانگ کانگ کے ذیشان علی اور کپتان نزاکت خان نے نصف سنچریاں بنائیں۔
انڈیا کو سنسنی خیز میچ میں ایک رن سے شکست
رابن اتھاپا کی قیادت میں انڈیا کو ہانگ کانگ سکسز کے چاروں میچوں میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان سے ہارنے کے بعد انڈین ٹیم کا سامنا متحدہ عرب امارات سے ہوا جہاں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے انڈیا کو 131 رنز کا ہدف دیا۔
مگر اس ہدف کے تعاقب کے دوران مسلسل وکٹیں گِرنے کے باعث انڈین ٹیم کو اس وقت ایک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب پانچ اوورز میں اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے تھے۔ یعنی اب آخری اوور میں 32 رنز درکار تھے اور کریز پر سٹورٹ بِنی موجود تھے۔
انھوں نے اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگایا اور آصف خان کی اگلی چار گیندوں پر چار چھکے لگائے۔
اب انڈیا کو آخری گیند پر صرف تین رنز درکار تھے۔
مگر سٹورٹ بِنی متحدہ عرب امارات کے کپتان کی آخری گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکنے میں ناکام رہے۔ انڈین بلے باز دوسرے رن کے لیے بھی بھاگے مگر بِنی رن آؤٹ ہو گئے اور یہ میچمتحدہ عرب امارات نے ایک رن سے جیت لیا۔
انڈیا کو انگلینڈ کے خلاف بھی 15 رنز سے شکست ہوئی اور اس میچ کی ایک نمایاں بات یہ تھی کہ اس میں انگلش بلے باز روی بوپارا نے اتھاپا کو ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگائے تھے۔
انڈیا کو چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 44 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
’کیا پاکستان انڈیا کو جیتنا سکھا سکتا ہے؟‘
پاکستانی شائقین نے ہانگ کانگ سکسز 2024 میں ٹیم کے سیمی فائنل تک پہنچنے پر خوشی ظاہر کی ہے۔ حتیٰ کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی انڈیا کے خلاف جیت پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹیم متحد ہو کر کھیلی۔ فائٹنگ سپرٹ کا بھرپور مظاہرہ کیا اور فتح سمیٹی۔‘
شاداب نامی صارف نے کہا کہ ’چھکوں کے ماسٹر آصف علی نے ہانگ کانگ سُپر سکسز ٹورنامنٹ میں دھوم مچا دی۔‘
ڈینیئل الیگزنڈر نامی صارف نے انڈیا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان نے اپنے تمام میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی مگر انڈیا ’ایئرپورٹ جانے کے لیے تمام میچز ہار گئی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’کیا پاکستان کرکٹ میچز اور اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنا انڈیا کو سکھا سکتا ہے، پلیز؟‘
جمعے کی پاکستان کی دو فتوحات پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر انیکا رانی نامی صارف نے کہا کہ آج فہیم اشرف کے کھانے کے مینیو میں ناشتہ میں متحدہ عرب امارات اور دوپہر کے کھانے میں انڈیا تھے۔ خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران اکثر ایک ہی روز میں متعدد میچز کھیلے جاتے ہیں۔
جبکہ پہلے روز کا خلاصہ کرتے ہوئے طاہر مقبول نے بتایا کہ ’آج ہانگ کانگ سپر سکسز میں پاکستانی بلے بازوں نے سب سے زیادہ 28 چھکے لگائے۔‘
دریں اثنا اس ٹورنامنٹ میں اور بھی کئی اپ سیٹس دیکھنے کو ملے جہاں نیپال نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو شکست دی
جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہانگ کانگ اور عمان سے ہار گئی۔ عمان نے انگلینڈ کو 67 رنز سے شکست دی۔
ان نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے پوچھا ’یہ کون سی الگ کائنات ہے؟‘
دنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایاجب انڈیا کی پہلی خاتون پہلوان حمیدہ بانو نے کہا ’مجھے دنگل میں ہرانے والا مجھ سے شادی کر سکتا ہے‘ٹی 20 کرکٹ میں کم سکور کا نیا ریکارڈ: 10 رن پر پوری ٹیم آؤٹ پھر دو گیندوں پر دو چھکے اور میچ ختم90 میٹر دور جیولن پھینکنے میں خاص کیا ہے اور ارشد ندیم کی ریکارڈ تھرو اتنی غیر معمولی کیوں تھی؟بابر کی جگہ کپتان بننے والے رضوان جنھیں ایک موقعے پر لگا تھا کہ ’میرا کریئر ختم ہوچکا ہے‘