Getty Images
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے تاہم حلف اٹھانے سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دور صدارت کے لیے اہم عہدوں پر نامزدگیاں کر دی ہیں۔
ان میں دنیا کا سب سے امیر شخص، ایک سابق فوجی افسر اور ٹرمپ کے گولف کے ساتھی بھی شامل ہیں۔ پوری دنیا کی نظریں اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کے ان اعلانات پر ہیں جن کے تحت وہ امریکہ میں اپنے صدارتی دور کے آغاز سے قبل اہم عہدوں پر تعینات ہونے والے لوگوں کی نامزدگی کا اعلان کر رہے ہیں۔
ان میں اب تک ایکس کے مالک ایلون مسک سے لے کر ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور دوست شامل ہیں۔ ان تعیناتیوں سے ماہرین یہ اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کی پالیسی کیا ہو گی؟ مشرق وسطی پر امریکہ کیا موقف اپنائے گا اور کیا وہ اسرائیل کی حمایت ہی جاری رکھے گا؟
اس کے علاوہ دنیا بھر کے ممالک میں بھی ان تعیناتیوں کو غور سے دیکھا جا رہا ہے اور اس بات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ کون سی شخصیت اہم امور پر ماضی میں کیا موقف اپناتی رہی ہے۔
اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے چند افراد کے بارے میں فیصلے کا اعلان ایکس پر کیا ہے جس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق اہلکار نے بتایا کہ یہ واضح پیغام ہے کہ ٹرمپ قومی سلامتی کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ان ناموں سے یہ بھی علم ہوتا ہے کہ ٹرمپ اپنے حامیوں کو نواز رہے ہیں۔ جیسا کہ مشرق وسطیٰ کے لیے نامزد خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف جو ٹرمپ کی مہم میں عطیات بھی دیتے رہے ہیں اور ان کے ساتھ گولف بھی کھیلتے رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل کے لیے نامزد امریکی فیر مائیک ہکابی کو اسرائیل نواز ہونے کے لیے جانا جاتا ہے جو ایک کاروباری شخصیت بھی ہیں۔
ایک اور سابق سفارت کار کا کہنا ہے کہ سٹیو وٹکوف کا مشرق وسطی سے کوئی براہ راست تعلق نہیں رہا تو اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اہم عہدوں پر تعیناتی میں وفاداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ تاہم سٹیو وٹکوف اور مائیک ہکابی کے علاوہ اقوام متحدہ میں امریکہ کے سفیر کی نامزدگی سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ اسرائیل کی کھل کر حمایت کریں گے۔
دوسری جانب بہت سے قدامت پسند چین کو امریکی اثرورسوخ کے لیے معاشی اور عسکری اعتبار سے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔ اگرچہ ٹرمپ نے چین پر تنقید کو تجارت تک محدود رکھا ہے تاہم ان کی خارجہ امور کی ٹیم چین کے نقادوں سے بھر رہی ہے۔
ٹرمپ نے مائیک والٹز، ایک سابق فوجی کرنل، کو قومی سلامتی امور کے مشیر نامزد کیا ہے جو ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ امریکہ اور چین سرد جنگ کی کیفیت میں ہیں۔ اقوام متحدہ کے سفیر کے لیے نامزد ہونے والی الیز سٹیفنک نے بھی ماضی میں چین پر الزام لگایا تھا کہ وہ الیکشن میں مداخلت کر رہا ہے جب یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ چینی حمایت یافتہ ہیکرز نے سابق صدور کے فون سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری خارجہ کے لیے ٹرمپ کے ممکنہ امیدوار، مارکو روبیو، بھی چین کے ناقد رہے ہیں۔ 2020 میں چینی حکومت نے ان پر پابندی عائد کر دی تھی جب انھوں نے ہانگ کانگ میں مظاہروں پر کریک ڈاون پکے بعد چین کے خلاف پابندیاں لگوانے کی مہم چلائی تھی۔
اس تحریر میں ہم اہم ترین عہدوں پر ہونے والی ان نامزدگیوں پر نظر دوڑائیں گے کہ ٹرمپ کی ٹیم کا حصہ بننے والی یہ شخصیات کون ہیں؟
مائیک ہکابی: اسرائیل میں ٹرمپ کے نامزد امریکی سفیرGetty Imagesمائیک ہکابی اسرائیل کے لیے امریکہ کے نئے سفیر ہوں گے
مائیک ہکابی اسرائیل کے لیے امریکہ کے نئے سفیر ہوں گے۔ اگرچہ وہ 13 سال میں اس عہدے پر آنے والی وہ پہلی شخصیت ہیں جو یہودی نہیں لیکن 69 سالہ ہکابی ایک طویل عرصے سے اسرائیل کے حق میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
امریکی ریاست آرکنساس کے سابق گورنر نے اپنا پہلا دورہ اسرائیل سنہ 1973 میں کیا اور اس کے بعد سے وہ وہاں جانے والے درجنوں عیسائی مشنوں کی قیادت کرتے رہے۔
سنہ 2018 میں اسرائیل کے دورے کے دوران مغربی کنارے پر ایک نئے ہاؤسنگ کمپلیکس کے لیے اینٹیں بچھاتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ وہ ’کسی دن یہاں گھر خریدنا پسند کریں گے۔‘
سنہ 2008 میں مائیک ہکابی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’فلسطین نام کی کوئی چیز ہی نہیں۔‘
مائیک ہکابی کی نامزدگی پر اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی ایتامیر بین گویر نے سوشل میڈیا ہر ان کا نام جھنڈے اور دل کی ایموجیز کے ساتھ شیئر کیا۔
قاتلانہ حملے، مقدمات اور ’سیاسی انتقام‘: ڈونلڈ ٹرمپ کی حیران کن سیاسی واپسی کیسے ممکن ہوئی؟جیک سمتھ کون ہیں جنھیں ٹرمپ ’دو سیکنڈ میں برطرف کر دیں گے‘’گھنٹوں میں جنگ کا خاتمہ‘ اور اقتصادی محاذ آرائی کا خدشہ: ٹرمپ کا دوسرا صدارتی دور کیسا ہو گا؟ڈونلڈ ٹرمپ: امریکہ کے ’رنگین مزاج ارب پتی‘ شخص سے دوسری بار صدارتی الیکشن میں ’فتح‘ کے اعلان تکسٹیو وٹکوف: مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچیReutersوٹکوف ستمبر میں ٹرمپ پر دوسرے قاتلانہ حملے کے دوران ان کے ساتھ گولف کھیل رہے تھے
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی انتخابی مہم کے ڈونر اور رئیل سٹیٹ ٹائیکون سٹیو وٹکوف کو مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی نامزد کیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’سٹیو وٹکوف امن کے لیے ایک ان تھک آواز ہوں گے اور ہم سب کے لیے فخر کا باعث بنیں گے۔‘
منگل کو اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وٹکوف ایک ایسے رہنما ہیں جنھوں نے ’ہر منصوبے اور کمیونٹی کو مضبوط اور زیادہ خوشحال بنایا۔‘
صدر ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے لیے ایلچی نامزد ہونے والے 67 سالہ وٹکوف صدر ٹرمپ کے قریبی دوست ہیں اور طویل عرصے سے ان کے گولف پارٹنر ہیں۔
درحقیقت، وٹکوف ستمبر میں ٹرمپ پر دوسرے قاتلانہ حملے کے دوران ان کے ساتھ گولف کھیل رہے تھے۔
سٹیو وٹکوف نے مین ہٹن فراڈ کیس میں ٹرمپ کے دفاع میں گواہی دی تھی۔ انھوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ دونوں کی ملاقات سنہ 1986 میں کاروباری لین دین کے بعد ہوئی تھی۔
سٹیو وٹکوف کے مطابق اس وقت انھوں نے ٹرمپ کو سینڈوچ خرید کر دیا تھا کیونکہ اس وقت ٹرمپ کے پاس کوئی کیش رقم نہیں تھی۔
جان ریٹکلیف: سی آئی اے ڈائریکٹرGetty Imagesسنہ 2020 میں ٹرمپ نے جان ریٹکلیف کو دوبارہ نامزد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پریس نے ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس جان ریٹکلیف کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کیا گیا ہے۔
انھیں پہلی بار سنہ 2019 میں سابق سپیشل کونسلر رابرٹ مولر سے کانگریس میں ہائی پروفائل سوالات کرنے کے چند دن بعد نیشنل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
ملر ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر تھے جنھوں نے روس اور ٹرمپ کی 2016 کی انتخابی مہم کے درمیان ملی بھگت کے الزامات کی تحقیقات کی قیادت کی تھی۔
ٹرمپ نے جان ریٹکلیف کی اہلیت کے بارے میں خدشات پر دونوں جماعتوں کے اعتراضات کے چند دن بعد ان کی نامزدگی واپس لے لی تھی۔
سنہ 2020 میں ٹرمپ نے جان ریٹکلیف کو دوبارہ نامزد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پریس نے ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔‘
پیٹ ہیگستھ: سیکرٹری دفاعGetty Imagesپیٹ ہیگستھ ماضی میں فاکس نیوز کے میزبان بھی رہ چکے ہیں
ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کو سیکرٹری دفاع کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کے بارے میں لکھا کہ ’وہ سخت، ذہین اور سب سے پہلے امریکہ کو حقیقی معنوں میں مانتے ہیں۔ پیٹ کی وجہ سے ہماری فوج دوبارہ بہترین بنے گی اور امریکہ کبھی گرے گا نہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’فوجیوں کے لیے کوئی بھی نہیں لڑتا اور پیٹ ’طاقت کے ذریعے امن‘ کی ہماری پالیسی کے دلیر اور محب وطن چیمپیئن ہوں گے۔‘
پیٹ ہیگستھ ماضی میں امریکی فوج کے ساتھ بھی منسلک رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فاکس نیوز کے میزبان بھی رہ چکے ہیں۔
وہ فوجیوں کی وکالت کرنے والے دو گروپس کے بھی سربراہ رہ چکے ہیں۔ انھوں نے مینیسوٹا میں سینیٹ کی نشست کے لیے الیکشن میں بھی حصہ لیا تھا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
مائیک والٹز: مشیر برائے قومی سلامتیGetty Imagesمسلح افواج کی سب کمیٹی کے سربراہ مائیک والٹز چین کے بارے میں سخت موقف رکھتے ہیں
فلوریڈا کے رکن کانگریس مائیک والٹز کو ٹرمپ کے دوسرے دور صدارت میں قومی سلامتی کے نئے مشیر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
50 برس کے والٹز ماضی میں امریکی فوج کا حصہ رہے اور کئی بار افغانستان، مشرق وسطی اور افریقہ کا دورہ کر چکے ہیں۔
وہ طویل عرصے سے ٹرمپ کے حامی ہیں۔ ایکس پر اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا کہ وہ ٹرمپ کی کابینہ میں خدمات سرانجام دینے پر ’بہت اعزاز‘ محسوس کرتے ہیں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ’ہماری قوم کی اقدار، آزادی اور ہر امریکی کی حفاظت کا دفاع کرنے سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔‘
مسلح افواج کی سب کمیٹی کے سربراہ مائیک والٹز چین کے بارے میں سخت موقف رکھتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بحرالکاہل میں تنازعات کے لیے امریکہ کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کو یوکرین کے لیے اپنی حمایت برقرار رکھنی چاہیے لیکن حالیہ عرصے میں اس جنگ کے لیے امداد پر وہ امریکی اخراجات کے دوبارہ جائزے کی وکالت بھی کرتے ہیں۔
Reutersوویک رامسوامی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومتی کارکردگی کے نئے محکمے کی قیادت کا کام سونپا ہےایلون مسک اور وویک رامسوامی
ٹرمپ کے بڑے حامی اور فنانسر ایلون مسک اور سابق رپبلکن صدارتی امیدوار وویک رامسوامی کو بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومتی کارکردگی کے نئے محکمے کی قیادت کرنے کا کام سونپا ہے۔
ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ دو شاندار امریکی مل کر میری انتظامیہ کے لیے سرکاری بیوروکریسی کو ختم کرنے، اضافی ضابطوں میں کمی، فضول اخراجات میں کمی اور وفاقی ایجنسیوں کی تنظیم نو کرنے کے لیے راہ ہموار کریں گے، جو ’امریکہ بچاؤ‘ تحریک کے لیے ضروری ہے۔‘
ٹرمپ انتظامیہ میں ملنے والی اس ذمہ داری پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے لکھا کہ ’یہ نظام میں شامل افراد کو ہلا کر رکھ کے دے گا اور ایسے بہت سے لوگ ہیں۔‘
دوسری جانب وویک رامسوامی نے بھی لکھا کہ وہ ’کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔‘
واضح رہے کہ ٹرمپ کے سب سے اہم حامی سمجھے جانے والے اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک نے ان کی انتخابی مہم کو 11 کروڑ 90 لاکھ کا فنڈ دیا۔
مسک نے امریکہ کے صدارتی انتخاب پر اثرانداز ہونے والی ریاستوں میں لوگوں کو ووٹ دینے کے لیے گھروں سے باہر نکالنے کی کوشش بھی کی اور اس دوران انھوں نے ہر روز 10 لاکھ ڈالر بھی تقسیم کیے۔
کرسٹی نوم: محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی سربراہGetty Imagesکرسٹی نوم طویل عرصے سے ٹرمپ کی اتحادی رہی ہیں
اسی طرح ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ جنوبی ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوم کو محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی سربراہی کے لیے مقرر کریں گے۔
نوم کا نام موسم گرما میں ایک ممکنہ نائب صدر کے امیدوار کے طور پر سامنے آیا تھا۔ وہ طویل عرصے سے ٹرمپ کی اتحادی رہی ہیں اور انھوں نے منتخب صدر کے لیے بھرپور مہم بھی چلائی۔
رواں برس وہ میڈیا کی شہ سرخیوں میں بھی رہی تھیں، جب انھوں نے انکشاف کیا تھا کہ انھوں نے اپنے کتے کو گولی سے مارا کیونکہ یہ ’غیر تربیت یافتہ‘ اور ’خطرناک‘ تھا۔
قاتلانہ حملے، مقدمات اور ’سیاسی انتقام‘: ڈونلڈ ٹرمپ کی حیران کن سیاسی واپسی کیسے ممکن ہوئی؟قلعہ نما رہائش، روبوٹ کتے اور ’وفاداروں کا انتخاب‘: امریکہ میں طاقت کا نیا مرکز جہاں ٹرمپ نئی حکومت بنانے میں مصروف ہیںمیلانیا ٹرمپ: ’معمہ‘ سمجھی جانے والی خاتون اوّل اور سابقہ ماڈل جو نظروں سے اوجھل رہتی ہیںایلون مسک: دنیا کے امیر ترین شخص کو ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن میں فتح سے کیا فائدہ حاصل ہو سکتا ہے؟امریکہ کا صدارتی الیکشن: ایلون مسک ووٹرز میں لاکھوں ڈالر کیوں تقسیم کر رہے ہیں؟سوئنگ سٹیٹس: سات ریاستیں جو امریکی صدر کے انتخاب میں اہم ترین کردار رکھتی ہیں