پاکستان علما کونسل کا توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کیلئے تحریک کا اعلان

ہم نیوز  |  Nov 13, 2024

اسلام آباد: پاکستان علما کونسل نے توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے لیے تحریک کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹیں ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وی پی این کے استعمال سے نوجوانوں کو تباہ کیا جارہا ہے۔ اور ایف آئی اے میں سائبر کرائم کیسز کا انبار لگا ہوا ہے۔ توہین آمیز مواد کو ہٹانے کے لیے ہر فورم سے رجوع کر رہے ہیں۔ جبکہ توہین آمیز مواد باہر سے آرہا ہے۔ اور سوشل میڈیا پر منفی مواد سے طلبا اور نوجوان متاثر ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے ، علی امین گنڈا پور

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل مواد کو ہٹانے کے لیے تحریک کا اعلان کرتی ہے۔ منفی مواد کے خلاف پی ٹی اے کے اقدامات کی مکمل تائید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توہین مذہب ہوتے ہوئے کیا ہم خاموش رہ کر دیکھتے رہیں۔ ہمیں اپنا مذہب، اپنا وطن زیادہ عزیز ہے ہمیں یہ مادر پدر قسم کی آزادی عزیز نہیں۔ پی ٹی اے نے کچھ پابندیاں لگائی ہیں اور وزارت مذہبی امور نے بھی خط لکھا ہے۔ جبکہ تمام پاکستانی اس حوالہ سے پی ٹی اے اور وزارت مذہبی امور کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ ہم پی ٹی اے، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ اور سلامتی کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک کی اساس کے خلاف مواد کو روکا جائے۔ کوئی فائر وال لگائیں یا وی پی این بند کریں۔ اور جو بھی کریں قوم کی نئی نسل کو بچایا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More