انڈیا کا 1500 کلومیٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک میزائل کا تجربہ

اردو نیوز  |  Nov 18, 2024

انڈین وزارت دفاع نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ انڈیا نے اپنے پہلے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق اس تجزبے کے بعد انڈیا دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو ایسی نوعیت کے ہتھیار رکھتے ہیں۔

وزارت دفاع کے ماتحت کام کرنے والے ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے سنیچر کی رات کو مشرقی ریاست اڈیشہ کے ساحل پر واقع عبدالکلام جزیرے پر یہ تجربہ کیا۔

وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ 1500 کلومیٹر سے زیادہ پے لوڈ لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا یہ میزائل ’ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام میزائل کمپلیکس، حیدرآباد کی لیبارٹریوں کے ساتھ ساتھ ڈی آر ڈی او کی مختلف لیبارٹریوں اور صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔‘

’زمین پر موجود سٹیشنوں سے حاصل کردہ اعداد و شمار نے میزائل کے کامیاب تجربے اور ہدف کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔‘

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پر اس تجربے کو ایک ’تاریخی لمحہ‘ قرار دیا جس نے انڈیا کو ’دنیا کے ان چند ممالک میں شامل کر دیا ہے جو ایسی صلاحیتوں اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کے حامل ہیں۔‘

ہائپرسونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ یا 6115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکتے ہیں۔ یہ دوسرے بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے کہیں زیادہ تیز ہے جو انہیں روایتی میزائل ٹیکنالوجی کے مقابلے میں اٹریک کرنا زیادہ مشکل بنا دیتا ہے۔

اس طرح کی صلاحیتوں کے حامل دوسرے ممالک امریکہ، چین اور روس ہیں۔

انڈیا کے علاوہ امریکہ، روس اور چین کے پاس بھی ہائپرسونک میزائل موجود ہیں۔ (فوٹو: ویبو)دفاعی ماہر رنجیت کمار نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہائپرسونک میزائل کے کامیاب تجربے سے انڈیا میزائل ہتھیاروں کی مزاحمتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہائپر سونک میزائل انڈین میزائلوں کے ذخیرے کی طاقت میں مزید اضافہ کرے گا۔ انڈین مسلح افواج کے پاس پہلے سے ہی 300 کلومیٹر سے زیادہ رینج کے (سپرسونک) براہموس کروز میزائل اور 5000 کلومیٹر سے زیادہ رینج کے اگنی-5 بین البراعظمی بیلسٹک میزائل موجود ہیں، لیکن تازہ ترین، 1500 کلومیٹر سے زیادہ رینج کا ہائپرسونک میزائل انڈیا کو مزید اعتماد دے گا۔ اور فوج یقینی کامیابی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل ہو گی۔‘

رنجیت کمار کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک ایسے وقت میں جب انڈیا طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے حامل دشمنوں میں گھرا ہوا ہے، جدید ترین ہائپر سونک میزائل انہیں انڈین مقامات پر پہلے حملہ کرنے سے روک دے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More