غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا جب کہ لبنان سے حزب اللہ کا راکٹ اسرائیلی شہر حیفہ کی عبادت گاہ سے ٹکرانے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
عالمیاسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ شمالی غزہ میں لڑائی کے دوران 21 سالہ ایدن کینان نامی ایک فوجی مارا گیا۔ 21 سالہ ایدن کینان رمات گان کا رہائشی تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال سے غزہ میں جاری جارحیت کے دوران 376 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
ددسری جانب لبنان کے جنوبی علاقوں میں ستمبر کے آخر سے جاری ملٹری آپریشن کے دوران حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 44 ہوگئی۔
دریں اثنا لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر ڈرون اور راکٹس برسائے۔
حیفہ پر بھی 10 راکٹس برسائے گئے جن میں سے کئی کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم ایک راکٹ عبادت گاہ کی عمارت کو لگا جسے بھاری نقصان پہنچا ہے۔
حزب اللہ کی اس گولی باری میں 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔