بھارتی ریاست منی پور میں 6 لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے جس کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ بند اور دارالحکومت میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 6 لاپتہ افراد کی لاشیں گزشتہ 2 دنوں میں جری بام ضلع سے ملیں جنہیں 11 نومبر کو اغوا کیا گیا تھا، جن افراد کی لاشیں ملیں وہ خواتیں اور کم عمر بچے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن 6 لوگوں کو اغوا کیا گیا تھا ان کا تعلق میتی قبائل سے ہے اور یہ واقعہ چند روز قبل سکیورٹی فورسز کی جانب سے 10 مبینہ جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کرنے کے بعد ہوا جن کا تعلق کوکی قبائل سے تھا۔
خبر کے مطابق لاشیں ملنے کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع میں ہنگامے شروع ہوئے، مشتعل افراد نے 3 وزرا، 6 اراکین اسمبلی کے گھروں پر حملے کیے اور وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر حملے کی کوشش بھی کی مگر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ سے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سول سوسائٹی اور میتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے حکومت کو قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے ہنگاموں کے بعد 7 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے اور ریاستی دارالحکومت امپھال میں کرفیو نافذ ہے۔
واضح رہے کہ ریاست منی پور میں بسنے والی میتی کمیونٹی اور کوکی قبائل میں ریاستی وسائل اور حقوق کو لیکر اختلافات موجود ہیں جو اکثر ہنگاموں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں اور منی پور میں اس سے قبل بھی دونوں کمیونٹیز میں تصادم ہوتا رہا ہے۔