قلات: سکیورٹی فورسز پر حملے میں چھ دہشتگرد ہلاک، سات اہلکار جان سے گئے

اردو نیوز  |  Nov 17, 2024

صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں سات اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ چھ دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ضلع مردان کے شاہ مردان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔

’سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں سات جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

قبل ازیں قلات کی ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے حملے میں سات ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت اور 18 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

قلات میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکت کی وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے مذمت کی ہے۔

دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قلات میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلات جلد میڈیا میں جاری کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More