بالی وڈ میں اسٹار کڈز یعنی بڑے اداکاروں کے بچے تو بچپن سے ہی عیش وعشرت کی زندگی بسر کررہے ہوتے ہیں لیکن کچھ ایسے بھی اداکار ہوتے ہیں جو سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا نہیں ہوتے۔
چھوٹے علاقوں سے ممبئی آنے اور پھر بالی وڈ فلموں میں اداکاری کے خواب دیکھنے والے غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے اداکار اپنے حالات تبدیل کرنے لیے کافی جتن کرتے ہیں۔
کچھ کو شہرت اور پیسا دونوں مل جاتا ہے جبکہ زیادہ تر پیچھے رہ جاتے ہیں۔
اپنی محنت سے بالی وڈ میں پہچان بنانے والے ایسے ہی ایک اداکار وکرانت میسی ہیں جنہوں نے مرزا پور، اور پھر 12th Fail جیسی کامیاب فلم میں جاندار اداکاری کرکے سب کے دل جیتے اور شہرت کی بلندی پر پہنچے۔
وکرانت شروع سے امیر نہیں تھے، انہوں نے حال ہی میں اپنے ماضی کے کچھ تلخ تجربات فینز کے ساتھ شیئر کیے۔
بھارتی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے وکرانت میسی نے بچپن میں اپنے والدین کو پیش مالی پریشانی کا ذکر بھی کیا۔
وکرانت نے بتایا کہ میں نے زندگی میں کافی نشیب و فراز دیکھے، ہم اچھی بھلی زندگی بسر کررہے تھے کہ اچانک ایک خاندانی تنازعہ کے نتیجے میں سب کچھ چلا گیا اور میرے پاس گودام میں رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
انہوں نے ماضی کا قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے کمانا شروع کیا تومیرے پاس 5 ہزار روپے اکھٹے ہوئے، میں نے دوستوں کے ساتھ گووا گھومنے کا منصوبہ بنایا اور ہم نکل پڑے۔
وکرانت نے بتایا کہ ہم سب ایک ہوٹل میں ٹھہرے، ٹرپ کے آخری دن جب کمرا خالی کرنا تھا تو ہمارے پاس اس کا بل ادا کرنے کے پیسے نہیں تھے، میرے پاس ایک موبائل فون تھا اور اسے میں نے فروخت کر دیا تاکہ بل کی ادائیگی کرسکیں۔