پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق عاقب جاوید آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہیں گے۔
اس مدت کے دوران وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہیں گے، اور چیمپئنز ٹرافی کے اختتام کے بعد انہیں اضافی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
اس دوران پی سی بی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کے لیے بھرتی کا عمل شروع کرے گا، جو 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہنے والی چیمپئنز ٹرافی تک مکمل ہو جائے گا۔
واضح رہے گیری کرسٹن کے استعفیٰ کے بعد وائٹ بال کوچنگ کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی کوچنگ کی تھی جو اب جنوبی افریقہ میں آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے دوبارہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔
پاکستان ٹیم 24 نومبر سے 5 دسمبر کے درمیان زمبابوے میں تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلے گی اور جنوبی افریقہ میں 10 سے 22 دسمبر کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی20 کھیلے گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل، پاکستان 8 سے 14 فروری تک نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے ٹرائنگولر سیریز کی میزبانی بھی کرے گا۔