ایشوریا رائے اور ابھیشیک میں علیحدگی، امیتابھ بچن بھی بول پڑے

اردو نیوز  |  Nov 22, 2024

بالی وڈ کے سینیئر اداکار امیتابھ بچن کی بہو ایشوریا رائے اور ان کے بیٹے کے درمیان علیحدگی کی افواہیں کئی روز سے جاری ہیں، تاہم اب اس پر امیتابھ بچن کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق امیتابھ بچن کے تازہ بلاگ نے انٹرنیٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ انہوں نے بیٹے اور بہو کی علیحدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو ’قیاس آرائیاں‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ‘افواہیں افواہیں ہی ہوتی ہیں، وہ بغیر کسی تصدیق کے جھوٹی بات کو آگے بڑھاتی ہیں۔ کسی بھی کام کرنے والے کو اپنے کام کے لیے تصدیق ضروری ہوتی ہے۔ میں کسی کے کسی پسندیدہ پروفیشن میں رہنے کی خواہش کو چیلنج نہیں کروں گا اور معاشرے کے لیے ان کی خدمات کو سراہوں گا۔‘

سینیئر اداکار آگے لکھتے ہیں کہ ’جھوٹ یا اپنی پسند کے سوالیہ نشان پر مشتمل معلومات دینے پر شاید ان کو قانونی تحفظ حاصل ہو، لیکن شک کا بیج ایسے ہی سوالیہ نشانوں سے بویا جاتا ہے۔ اپنی بات کا اظہار کریں یا لکھیں جو بھی آپ چاہتے ہیں لیکن جب آپ اس میں سوالیہ نشان لگاتے ہیں تو صرف یہ نہیں کہتے کہ یہ بات شک میں ہے، بلکہ آپ یہ چاہتے ہیں کہ قاری اس کو پڑھیں اور آگے بھی پھیلائیں۔‘

امیتابھ بچن کے مطابق ’آپ کا مواد صرف ایک لمحے کے لیے نہیں بلکہ کئی لمحات کے لیے ہوتا ہے۔ پڑھنے والا جب اس پر ردعمل دیتا ہے تو وہ مواد کو آگے بڑھا رہا ہوتا ہے، وہ یقین کی شکل میں بھی ہو سکتا ہے اور نفی میں بھی، دنیا کو جھوٹ سے بھرو، سوالیہ نشان لگاؤ اور آپ کا کام ختم، تاہم اس کے اثرات بہت دور تک جاتے ہیں۔’

بدھ کو ایشوریا رائے بچن نے اپنی 13 سالہ بیٹی ارادھیا کی 13ویں سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں، اور ان میں ابھیشیک بچن کی عدم موجودگی نے ان کی علیحدگی کی افواہوں کو مزید تقویت دے دی تھی۔

اس سے قبل بھی ایشوریا رائے کے ایک خاندانی فنکشن میں ابھیشیک بچن دکھائی نہیں دیے تھے۔ جس کے بعد ایسی اطلاعات سامنے آئیں کہ ایشوریا رائے بچن اپنی والدہ کے ہاں رہ رہی ہیں۔

افواہوں کا یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن الگ الگ ایک ہائی پروفائل شادی میں پہنچے، جس کے بعد ابھیشیک بچن نے انسٹاگرام پر ایک ایسی پوسٹ کو بھی لائیک کیا جو طلاق کی حوصلہ افزائی کے بارے میں تھی۔

ابھیشیک بچن جلد ہی شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ میں دکھائی دیں گے۔ اس سے قبل دونوں کبھی الوداع نہ کہنا اور ہیپی نیو ایئر میں کام کر چکے ہیں۔

ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی اپریل 2007 میں ہوئی تھی اور نومبر 2011 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More