جیسن گلیسپی مستعفی، عاقب جاوید ریڈ بال کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر

سچ ٹی وی  |  Dec 13, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جیسن گلیسپی کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی نے عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈکوچ مقرر کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیسن گلیسپی کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

جیسن گلیسپی کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی نے عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈکوچ مقرر کردیا ہے۔عاقب جاوید وائٹ بال کے بھی عبوری ہیڈکوچ ہیں۔

پی سی بی کے مطابق عاقب جاویدکی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم اس وقت جنوبی افریقا میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہی ہے جس کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائےگی۔

اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کر دیا ہے۔

جیسن گلیسپی کو کل جنوبی افریقا پہنچنا تھا جہاں انہیں پری ٹیسٹ کیمپ کی نگرانی کرنا تھی۔

تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کیا ہے۔انہوں نے پی سی بی کی جانب سے ریڈ بال ٹیم کے کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے پر نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق گلیسپی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر جنوبی افریقا نہ جانے کا بورڈ کو بتایا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیسن گلیسپی کو مستقبل میں ذمہ داریاں نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کی طرح جیسن گلیسپی نے بھی وقت سے پہلے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More