محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے،ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیاہے۔
کشمیر، گلگت، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا رات کو ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے تاہم سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
نیا سال، کراچی میں 2 روزکیلئے دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجو داڑو اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کے ساتھ ایبٹ آباد، ما نسہرہ، چترال، سوات، دیر، کو ہستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔
کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔