امریکہ: نیو اورلینز میں ٹرک کی ٹکر سے کم از کم 10 افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Jan 02, 2025

امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز میں ایک ٹرک کے ہجوم پر چڑھ جانے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 30 ​​زخمی ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قبل ازیں بدھ کی صبح سی بی ایس نیوز نے عینی شاہدین کے حوالے سے اطلاع دی تھی کہ ایک ٹرک تیز رفتاری سے ہجوم سے ٹکرا گیا تھا اور پھر ڈرائیور نے باہر نکل کر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔

نیو اورلینز پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ’ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک کار لوگوں کے ایک گروپ چڑھ گئی زخمیوں کا علم نہیں ہے لیکن ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔‘

لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے ایکس پر کہا کہ ’آج صبح بوربن سٹریٹ پر تشدد کی ایک ہولناک کارروائی ہوئی۔‘

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں جہاں یہ حملہ ہوا ہے۔

شہر کی ریسکیو سروس کے مطابق زخمیوں کو کم از کم پانچ مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ یہ واقعہ نئے سال کی شام کی تقریبات کے دوران کینال اور بوربن سٹریٹس کے چوراہے پر پیش آیا۔

ایک جوڑے نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ انہوں نے گلی میں آوازیں سنیں اور پھر انہوں نے ایک سفید ٹرک کو تیز رفتار سے ایک بیریئر سے گزرتے دیکھا۔

نیو اورلینز میں پہلے بھی فائرنگ اور کاروں کے ہجوم سے ٹکرانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق نومبر 2024 میں نیو اورلینز میں دو الگ الگ فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوئے۔

فروری 2017 میں ایک پک اپ ٹرک، جس کو ایک شخص چلا رہا تھا اور جس کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی نشے میں دھت دکھائی دے رہا تھا، نیو اورلینز میں مرکزی مارڈی گراس پریڈ دیکھنے والے تماشائیوں کے ہجوم پر چڑھ گیا جس سے 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More