پاکستان کرکٹ بورڈ کا زخمی بیٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ

اردو نیوز  |  Jan 05, 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے نوجوان بلے باز صائم ایوب کو فوری علاج کے لیے لندن بھیجے کا فیصلہ کیا ہے۔

اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب جاری کیے گئے بیان کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین نے یہ فیصلہ ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد کیا۔

صائم ایوب جمعے کو جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں دوسرے  ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔

جمعے کی دوپہر کی گئی ایم آر آئی نے فریکچر کی تصدیق کی جس کے بعد صائم ایوب کے ٹخنے کو میڈیکل مون بوٹ سے فکس کیا گیا۔

بیان کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے صائم ایوب سے خود بھی رابطہ کیا اور اُن کی خیریت دریافت کرتے ہوئے صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پی سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے۔

’صائم ایوب کی لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپوائمنٹ طے کی گئی ہے۔ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج معالجے کے سارے کیس کو دیکھ رہے ہیں۔‘

پی سی بی کے مطابق ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ صائم ایوب سٹائلش زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔ صائم ایوب کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹاؤن سے لندن بھجوایا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ لندن جائیں گے۔ اور یہ کہ ان کو صائم ایوب کی انجری پر بہت تشویش ہے۔

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ’صائم ایوب کا دنیا کے بہترین ہسپتال میں چیک اپ اور علاج کرائیں گے۔ امید ہے کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More