Getty Images
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان ٹیم فالو آن کا شکار ہو گئی ہے اور میزبان ٹیم کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز پر میچ کے تیسرے روز ہو گئی۔
جنوبی افریقا کو 421 رنز کی برتری حاصل ہو گئی اور فالو آن کے بعد اس وقت پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے تین وکٹ پر 64 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔ تیسرے دن بابر اعظم اور رضوان نے کچھ دیر تک مقابلہ کیا جس کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
بابراعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان آغا 19 اور عامرجمال 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام 12 رنز بنا سکے، کپتان شان مسعود نے دو رنز بنائے جب کہ سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیوانا ماپھاکا اور کیشومہاراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارکو یانسن اور ویان مولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی لیکن ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی تھی۔
Getty Imagesبابر اعظمدوسرے دن کھیل کا احوال
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی لیکن ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی تھی۔
دوسرے روز پروٹیز بلے بازوں نے 316 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور اپنے سکور میں 299 رنز کا اضافہ کیا۔
جنوبی افریقہ کے ریان رکلٹن 259 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان ٹیمبا باووما نے 106 جبکہ کائل ویریا نے 100 رنز بنائے۔
مارکو جانسن نے جارحانہ انداز میں 62 رنز بنائے جبکہ کیشو مہاراج نے 40 رنز بنائے۔
پاکستان کے لیے محمد عباس اور آغا سلمان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔
آؤٹ ہونے سے قبل جنوبی افریقہ نے پاکستان کے لیے رنز کا جو پہاڑ کھڑا کیا پاکستانی ٹیم اس کے تعاقب میں شدید مشکلات کا شکار نظر آئی۔
پہلے اوور میں ہی کپتان شان مسعود دو رنز بنا کر ربادا کی گیند پر پہلی سلپ میں کیچ پکڑا بیٹھے۔
ان کے بعد مارکو جانسن کی گیند پر کامران غلام بولڈ ہو گئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اس وقت بابر اعظم 31 اور محمد رضوان نو رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کا سکور 64 رن ہے۔
یاد رہے کہ میچ کے پہلے روز پاکستان کے اوپنر بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ آج کھیل کا حصہ نہیں بن سکے۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقہ نے جیتا تھا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقہ نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی۔ ایک میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا جبکہ اس کے بعد کھیلی گئی تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کر کے فتح حاصل کی تھی۔
Getty Imagesپہلے دن کے کھیل کا احوال
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جا رہی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گر گئی، جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مرکرم 17 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے ویان مُلڈر بھی صرف پانچ رنز بنانے کے بعد 70 کے مجموعی سکور پر محمد عباس کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے ٹرسٹن سٹبز کھاتہ کھولے بغیر ہی آغا سلمان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم اس کے بعد پروٹیرز کے کپتان ٹیمبا باووما نے کریز پر آ کر ٹیم کو سہارا دیا اور نوجوان بلے باز ریان رکلٹن کے ساتھ شاندار 235 رنز کی شراکت قائم کی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نوجوان بلے باز ریان رکلٹن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی۔
’بدگمان مائیکل وان، پُرعزم جنوبی افریقہ اور پُراُمید پاکستان‘’کِنگ ایڈیشن‘: بابر اعظم کے لیے سیالکوٹ میں تیار کردہ نئے بیٹ میں خاص کیا ہے؟سعید انور: بولرز کے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ بننے والے اوپنر جو عمران خان کی طرح کرکٹ کی دنیا چھوڑنا چاہتے تھےڈرامہ، تنازعہ، ایکشن: سڈنی ٹیسٹ میں روہت کا ’آرام‘، امپائر کے متنازع فیصلے اور انڈیا کا کانسٹاس کو جواب
انھوں نے کپتان ٹیمبا باووما کے ساتھ چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستانی بولنگ کو آڑے ہاتھوں لیا اور پروٹیز کے دونوں بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلے۔
اس موقع پر جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ انھوں نے 106 رنز بنائے اور 307 کے مجموعے پر سلمان آغا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
'ایک ہی دن میں بابر کو دو بار بیٹنگ کرتے دیکھنے سے بہتر کچھ بھی نہیں'
پاکستان کی بیٹنگ کی ناکامی پرسوشل میڈیا پر صارفین نے بھی اپنے دل کی بھڑاس نکالی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ہماری بیٹنگ تو ریان رکلٹن جتنے رنز بھی نہیں بنا سکی۔‘ خیال رہے کہ رکلٹن نے جنوبی افریقہ کے لیے پہلی اننگز میں 259 رنز سکور کیے۔
ایک صارف علی نے لکھا کہ ’پاکستانی بلے باز اس پچ پر اپنی غلطیوں سے ہی آؤٹ ہوئے، بابر بدقسمت رہے لیکن رضوان نے کیا شاٹ کھیلی سمجھ نہیں آئی۔‘
ایک صارف نے لکھا ’ایک ہی دن میں بابر کو دو بار بیٹنگ کرتے دیکھنے سے بہتر کچھ بھی نہیں۔‘
’بدگمان مائیکل وان، پُرعزم جنوبی افریقہ اور پُراُمید پاکستان‘سعید انور: بولرز کے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ بننے والے اوپنر جو عمران خان کی طرح کرکٹ کی دنیا چھوڑنا چاہتے تھے’کِنگ ایڈیشن‘: بابر اعظم کے لیے سیالکوٹ میں تیار کردہ نئے بیٹ میں خاص کیا ہے؟ڈرامہ، تنازعہ، ایکشن: سڈنی ٹیسٹ میں روہت کا ’آرام‘، امپائر کے متنازع فیصلے اور انڈیا کا کانسٹاس کو جواببمراہ اور وقار یونس کا موازنہ: ’عجیب ایکشن والا‘ انڈین بولر جس کی قسمت ایک اتفاق نے بدل دی