بابر اور رضوان نے ساجد خان کی بڑی خواہش پوری کردی

سچ ٹی وی  |  Jan 20, 2025

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم اور ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے قومی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ساجد خان کی خواہش پوری کردی۔

ساجد خان کا ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں اگر 5 کھلاڑی آؤٹ کروں تو محمد رضوان اور بابر اعظم سے بھی اپنے روایتی انداز میں جشن کرواؤں۔

ساجد نے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز پانچویں وکٹ حاصل کی تو بابراعظم اور محمد رضوان بھی ساجد خان کے ساتھ جشن میں شامل ہوئے اور انہیں کے انداز میں وکٹ کا جشن منایا۔

قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب بابر نے ساجد کے سر کو طبلہ سمجھ کر بجادیا۔

ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جب ساجد نے ویسٹ انڈین بیٹر کو پویلین بھیجا تو بابر کے خوشی منانے کا انداز دیدنی تھا، سابق کپتان نے اسپنر ساجد کے سر پر طبلہ بجایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔

ساجد نے دوسری اننگز میں لنچ بریک تک 4 ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، تاہم کیویم ہوج کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اسپنر کے ارد گرد ساتھی کھلاڑی جمع ہوگئے۔

اس دوران بابراعظم کی خوشی دیدنی تھی انھوں نے آف اسپنر کے سر پر زبردست انداز میں طبلہ بجایا اور مسکراتے ہوئے بھی نظر آئے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو پر ایک صارف نے سابق قومی کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں اننگز میں ناکام رہے ہیں بابراعظم کو چیئر لیڈر بننے کے بجائے اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More