کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا پر محصولات عائد کرنے پر عمل کرتے ہیں تو ان کا ملک اس کا بھرپور جواب دے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے فرانسیسی زبان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر غیر منصفانہ محصولات عائد کیے گئے تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، ہم کینیڈین شہریوں کی حمایت اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے موجود رہیں گے۔
صدر ٹرمپ نے پیر کی شام اوول آفس میں دستخط کی تقریب میں کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ کینیڈا اور میکسیکو سے آنے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیکس عائد کرے گی، جس کا نفاذ یکم فروری سے ہو سکتا ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے ٹرمپ کے ایگزیکٹو ایکشن کا بھی ذکر کیا، جس میں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کا تجزیہ کریں کہ امریکا۔ میکسیکو۔ کینیڈا تجارتی معاہدہ (یو ایس ایم سی اے) امریکی کارکنوں اور کاروباری اداروں کو کس طرح متاثر کر رہا ہے، اور کیا امریکا کو آزاد تجارتی معاہدے میں رہنا چاہیے؟
ان کے اس اقدام سے ایجنسیوں کو اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت پڑے گی کہ آیا سخت امریکی تجارتی پالیسی منشیات (فینٹانل) کے بہاؤ اور امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے بہاؤ کو کامیابی سے روک سکتی ہے؟
ٹروڈو کا کہنا تھا کہ امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن میں سے ایک فیصد سے بھی کم کا تعلق کینیڈا سے ہے، تاہم ہماری حکومت ایک ارب ڈالر سے زائد کے جامع سرحدی منصوبے کے ذریعے سرحدی سلامتی کے حوالے سے صدر کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لیے پہلے ہی اقدامات کر رہی ہے، ہم پہلے ہی سرحد کے دونوں جانب اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی توانائی امریکی مینوفیکچرنگ، کاروبار اور گھروں کو طاقت دیتی ہے، امریکا کے 5 بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے کینیڈا واحد ملک ہے، جس کے ساتھ مینوفیکچرنگ میں امریکا کا تجارتی سرپلس ہے، کینیڈا چین، جاپان اور جرمنی کے مشترکہ مقابلے میں امریکیوں کی تیار کردہ اشیا سب سے زیادہ خریدتا ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ ٹرمپ کے بیان کردہ امریکی ’سنہری دور‘ میں اسٹیل، ایلومینیم، معدنیات اور قابل اعتماد اور سستی توانائی کی مزید ضرورت ہوگی، کینیڈا کے پاس وہ تمام وسائل ہیں اور ہم شمالی امریکا کی ترقی پذیر اور محفوظ معیشت بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ٹروڈو نے کہا کہ ان کا متبادل روس، چین یا وینزویلا سے زیادہ وسائل ہوں گے، کینیڈا ایک غیر یقینی دنیا میں ایک محفوظ اور قابل اعتماد شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر محصولات نافذ کیے گئے تو اس سے امریکیوں کے خزانے پر دباؤ پڑ سکتا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ میکسیکو اور کینیڈا، امریکا کے 2 بڑے تجارتی شراکت دار ہیں۔
وفاقی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق، مجموعی طور پر امریکا کی طرف سے درآمد کی جانے والی تمام اشیا کی 30 فیصد مالیت کا سامان کینیڈا سے منگوایا گیا تھا۔
اگرچہ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ غیر ملکی برآمد کنندگان محصولات ادا کرتے ہیں، لیکن امریکی صارفین بھی بل کا ایک حصہ ادا کرتے ہیں، کیونکہ ریٹیلرز اضافی اخراجات کو مکمل طور پر برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔